اوکاڑہ: بارش ، ناقص سیوریج سسٹم، گلیاں زیر آب، جنازہ گندے پانی سے گزارنا پڑا
اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ میں ناکارہ سیوریج سسٹم موسلادھار بارش برداشت نہ کرسکا گلیاں گندے پانی سے بھرگئیں ۔ایک میت کاجنازہ بھی گندے پانی سے گزارنا پڑا عوام عید کی خوشیاں بھی منانہ سکے۔گھروں میں مقید ہوکر رہ گئے روزنامہ نوائے وقت نے اس مسئلے کی چند روز قبل نشاندہی کی تھی۔ عید کی رات موسلادھار بارش ہونے سے متعدد محلوں کی گلیاں سیوریج سسٹم کے ناکارہ ہونے سے گندے پانی سے بھر گئیں عید کے روز محلہ صمدپورہ میں ایک میت کاجنازہ گندے پانی سے گزرنا پڑا جنازہ گاہ تک جانے والے لوگوں کومجبورا گندے پانی سے گزرنا پڑا جبکہ گلیوں میں سیوریج اوربارش کے پانی کے کھڑا ہونے سے متعدد لوگوں کوسنت ابراہیمی اداکرنے میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا قصاب گلیوں میں کھڑا پانی دیکھ کر دوسرے علاقوں کارخ کرتے رہے کئی افراد عید کے پہلے روز سنت ابراہیمی ادا کرنے سے محروم رہ گئے ۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بروقت حل نہ کرنے کی وجہ سے عوام عید کی خوشیاں بھی منانہ سکے اور گھروں میں مقید ہوکررہ گئے سیوریج اوربارش کے پانی کے کھڑا ہونے سے متعدد افراد نماز عید ادا کرنے سے بھی محروم ہوگئے۔