سیالکوٹ: موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ، لیگی ایم پی اے رانا لیاقت کا بہنوئی جاں بحق
سیالکوٹ+چونڈہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) مورچہ پور میں موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے لیگی ایم پی اے رانا لیاقت علی کا بہنوئی جاں بحق ہو گیا، بیوہ نے بھائیوں پر قتل کی سازش کا الزام لگا دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی رانا لیاقت علی کی ہمشیرہ رشیدہ بی بی قبرستان واقع قصبہ بھلور والدہ کی قبر پر فاتح خوانی کے بعد خاوند رفیق حسین کے ہمراہ گاڑی پر واپس گھر آرہے تھے کہ تھانہ سبزپیر کے علاقہ مورچہ پور میں موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں رشیدہ بی بی کا خاوند رفیق حسین سینے میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 اہلکاروں نے زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ رشیدہ بی بی کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی رانا شوکت علی کی گاڑی نے کراس کیا اور موٹر سائیکل سواردو نامعلوم کو اشارہ کیا جس پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی ۔ رشیدہ بی بی نے الزام لگایا ہے کہ اس کے بھائی رانا لیاقت علی اور رانا شوکت علی اس کے خاوند رفیق حسین اور جرمنی میں مقیم بیٹے وسیم سے بھاری رقم کا مطالبہ کرتے تھے جس کے انکار پر قبل ازیں بھی رانا لیاقت علی اور رانا شوکت علی قتل کی دھمکیاں دیتے تھے۔ رشیدہ بی بی کا کہنا ہے کہ رانا لیاقت علی، رانا شوکت علی اور ذیشان آصف جو اس وقوعہ کے ماسٹر مائنڈ ہیں ان کی ایما کر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے اسکے خاوند کو قتل کیا ہے۔