ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں:سیکرٹری ہیلتھ کئیر
لاہور(سٹی رپورٹر) سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے بھرپور کاروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب بھر میں مون سون اور بارشوں کی ابتدا پر ڈینگی سے بچاؤ کی سر گرمیاں تیز کر دی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر ازحد ضروری ہیں۔مون سون کے دوران ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاط میں شہری زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں خصوصاً بارشوں کا پانی رہائشی علاقوں میں نہ جمع ہونے دیں۔سیکرٹری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے کہا کہ گزشتہ روز پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کا کوئی بھی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ اس وقت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کا صرف ایک مریض ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج ہے ڈینگی کا واحد مریض اٹک کا رہائشی ہے۔انھوں نے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر سے ڈینگی کے60کنفرم کیسزسامنے آئے ہیں۔اور اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں صرف ایک مریض زیر علاج ہے۔ سارہ اسلم نے بتایا کہ محکمہ صحت کی صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے بھرپور کاروائیاں جاری ہیں۔پچھلے 24گھنٹوں میں پنجاب بھر میں 151،622 ان ڈور مقامات اور 31،914 آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا گیا اور56مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ لاہور میں21،228گھروں کی اور 6،034 آؤٹ ڈور مقامات کی ڈینگی لاروا کے حوالہ سے چیکنگ کی گئی اور ٹوٹل 55 مقامات سے پازٹیو کینٹینرز کو تلف کیا گیا۔