سی پیک، بھارت کو مداخلت کا کوئی حق نہیں: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان نے بھارتی وزیر کے کشمیر سے متعلق بیان کو بے بنیاد اور غیر ذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے جھوٹے اور من گھڑت دعوت حقائق کو نہیں بدل سکتے۔ بھارتی بیانات کشمیر پر غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی پامالیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتے۔ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔ افغانستان امن عمل کو نقصان پہنچانے میں بھارتی کردار واضح ہے۔ مودی سرکار افغانستان سے متعلق تشویش کا اظہار بند کرے۔ بھارت کو سی پیک پر بات کرنے اور مداخلت کا کوئی حق نہیں۔ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک سے معاشی ترقی اور علاقائی رابطے کی راہ ہموار ہوگی۔ بھارتی سازشوں سے سی پیک کی اہمیت کم نہیں ہو سکتی۔ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارت کا افغانستان میں سپائلریا امن عمل کو نقصان پہنچانے والے ملک کا کردار عیاں ہے۔