ہماری خدمت عوام کے سامنے کھلی کتاب کی طرح : پرویز الٰہی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے مسلم لیگ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و سابق صوبائی وزیرتعلیم میاں عمران مسعود نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کشمیر الیکشن میں گجرات، منڈی بہائوالدین اور وزیرآباد کی سیٹ پر پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار چودھری اکبر ابراہیم کے الیکشن کے حوالے سے میاں عمران مسعود کو خصوصی ہدایات دیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چودھری اکبر ابراہیم پہلے بھی اسی سیٹ پر کامیاب ہوتے چلے آئے ہیں، انشاء اللہ اس مرتبہ بھی وہی سرخرو ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے میاں عمران مسعود کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ڈے پر امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنائیں، قانون اور الیکشن رولز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب کے حوالے سے ہماری خدمت عوام کے سامنے کھلی کتاب ہے، اسی جذبے کو سامنے رکھتے ہوئے ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات، منڈی بہائوالدین، وزیرآباد میں ہمیں عوام کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے، ان شاء اللہ اس سیٹ پر ہمارا مشترکہ امیدوار کامیاب ہوگا۔