بارشوں سے پانی کی قلت ختم ڈیموں میں وافر مقدار موجود: ماہرین
لاہور(این این آئی) مون سون کا تیسرا سپیل آئند دو روز بعد ملک میں داخل ہوگا جس پر کسانوں اور آبی ماہرین نے خوشی کا اظہار کیا ہے، بارش سے پانی کی بڑی قلت ختم ہوگئی ہے، بڑے ڈیموں میں پانی وافر مقدار میں موجود ہے اور چاول، گنے اور مکئی کی فصل کے لیے ضرورت کے مطابق پانی میسر ہوگا۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق ملک میں تاریخی اوسط کے مقابلے میں یکم اور 23 جولائی کے درمیان 23 فیصد زیادہ بارش ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان تین ہفتوں کے دوران پنجاب میں 17 فیصد، خیبر پی کے32 فیصد، گلگت بلتستان 151 فیصد، آزاد جموں وکشمیر 9 فیصد اور بلوچستان میں 49 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔ سندھ میں 12فیصد کم بارش ہوئی۔بارش کے دو سپیلز سے قلت آب نہیں رہی جو 30 فیصد تک پہنچ چکی تھی لیکن اب صوبوں کو اپنی ضرورت سے 26 فیصد زیادہ پانی مل رہا ہے۔