آزاد کشمیر میں آج عام انتخابات، 45 نشستوں پر کاٹنے کا مقابلہ متوقع
مظفرآباد، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، سرگودھا (این این آئی، نامہ نگاران) آزاد کشمیر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ (آج) اتوار 25جولائی کو ہوگی۔ 32لاکھ سے زائد ووٹر 45 نشستوں پر امیدواروں کا چنائو کرینگے۔ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پاک فوج کے جوان سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ تیاریاں مکمل ہیں۔ قانون ساز اسمبلی کی 45نشستوں کیلئے پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کے 742 امیدواران میدان میں ہیں جبکہ مجموعی طور پر32 لاکھ20 ہزار546 ووٹرزاپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ عام انتخابات میں متعدد اہم سیاسی شخصیات بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ جن میں پی ٹی آئی کے صدر و سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود میرپور، تنویر الیاس باغ، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق دھیرکوٹ باغ، سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب راولاکوٹ جبکہ پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر کھاوڑہ مظفرآباد سے امیدوار ہیں۔ چوہدری یاسین پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کوٹلی کے دو حلقوں سے، شاہ غلام قادر نیلم کے حلقہ شاردہ اور چوہدری طارق فاروق بھمبھر سے قسمت آزمائی کریں گے۔ امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر کے 10اضلاع کے لیے 33نشستیں ہیں اور مہاجرین جموں و کشمیر پاکستان کے لیے 12نشستیں ہیں۔ اس مرتبہ جو رولز بنائے گئے ہیں۔ ان کے مطابق ہر ووٹر اپنا ووٹ اسی حلقہ میں پول کرے گا جہاں اس کا مستقل ایڈریس شناختی کارڈ پر درج ہے۔ اس کے علاوہ عارضی پتہ پر ووٹ نہیں ڈالا جا سکتا۔ ایک اور اہم ترمیم یہ کی گئی ہے کہ مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان میں 6نشستیںجموں و دیگر کے لیے مختص ہیں اور 6 نشستیں وادی کے لیے مختص ہیں جس طرح پہلے وادی کے انتخابی حلقوں میں وہی امیداور حصہ لے سکتا تھا جو وادی کا مہاجر ہو۔ اسی طرح اب جموں و دیگر کے انتخابی حلقوں میں وہی امیدوار انتخاب لڑنے کا اہل ہے جس کا تعلق براہ راست جموں و دیگر کے علاقوں سے ہے آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والا کوئی امیدوار اب مہاجرین کے لیے مختص نشستوں کے لیے انتخاب نہیں لڑ سکتا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن نے پاک فوج کو سکیورٹی اور پرامن ماحول کے انتظامات کیلئے طلب کیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج کی کوئیک ری ایکشن فورس کے تحت 22 سے 26 جولائی تک تعینات ہو گی۔ یہ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر میں 5 ہزار 123 پریذائیڈنگ افسران، 7 ہزار 336 پولنگ افسران، 14 ہزار 672 پولنگ اسسٹنٹ تعینات کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں مقیم مہاجرینِ جموں و کشمیر کے 12 انتخابی حلقوں کے لیے بھی پولنگ کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ پولنگ کے لیے 40 ہزار پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دیں گے۔ پاک فوج کے 6 سے 7 ہزار جوان بھی امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تعینات ہوں گے۔ لاہور سے اپنے نامہ نگار سے کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابات میں لاہور کی دو نشستوں ویلی ٹو کشمیر اور جموں ون میں آج 9,ہزار چھ سو 31ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ لاہور میں دو نشستوں پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ آزاد جموں کشمیر کے مہاجرین کی دو نشستوں پر لاہور ڈویژن میں کل 25 پولنگ سٹیشنز قائم کردیئے گئے۔ سامان پولیس کی سکیورٹی میں پہنچا دیا گیا ہے۔ ووٹرز کو کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔ لاہور ڈویژن کی پولنگ سکیم کے مطابق ویلی ٹو کشمیر میں لاہور کے علاؤہ شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب کے ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ویلی ٹو کشمیر میں ووٹرز کی کل تعداد 5ہزار ہے۔ شیخوپورہ میں 3 سو 99 ، ننکانہ صاحب میں 86، قصور میں صرف دو ووٹرز اپنا رائے حق دہی استعمال کرینگے۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق آزاد جموں کشمیر کے قومی انتخابات میں آج 25 جولائی کو ضلع سرگودھا اور ضلع خوشاب کے مردوخواتین ووٹران حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کے لئے پولنگ سٹیشن قائم کر کے سکیورٹی سمیت انتظامات مکمل کر لئے گے۔ذرائع کے مطابق ضلع سرگودھا سے 2 ہزار 101 کشمیری ووٹران کیلئے پانچ پولنگ سٹیشن اور 16 پولنگ بوتھ جبکہ ضلع خوشاب کے ایک ہزار 75 ووٹران کے لئے چار پولنگ سٹیشن اور 9 پولنگ بوتھ قائم کر کے پریذائیڈ نگ آفیسر ، پولنگ آفیسر اور پولنگ اسسٹنٹ تعینات کر کے ڈیوٹیاں دی گئیں۔ انتخابی سامان مقررہ پولنگ سٹیشنز پر پہنچا دیا گیا ہے۔ سیالکوٹ سے نمائند ہ خصوصی کے مطابق ایل اے 36 جموں 3 سیالکوٹ سمیت دیگر حلقوں میں الیکشن آج ہوگا۔ سیالکوٹ میں قائم پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف ، پاکستان مسلم لیگ ن، تحریک لبیک پاکستان، پیپلزپارٹی ، جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں میں سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق 32لاکھ 20ہزار 793ووٹرز میں سے سب سے زیادہ مہنگے 7ووٹرز ہیں۔ الیکشن کمشن ذرائع کے مطابق ایک پولنگ سٹیشن پر کم از کم خرچہ ایک لاکھ روپے سے زائد متوقع ہے۔ گورنمنٹ پرائمری سکول سعید آباد کراچی میں ایک خاتون ووٹر کے لئے پولنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے جبکہ اسی طرح گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول تھانہ بلا خان جام شورو میں ایک مرد ووٹر کیلئے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس ٹنڈو اللہ یار میں ایک خاتون ووٹر کے لئے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر دادو میں خاتون ووٹر کے لئے، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول قاضی سلطان کنری میں خاتون ووٹر کے لئے، گورنمنٹ بوائز ماڈل سکول تربت میں ایک مرد ووٹر کے لئے جبکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قلعہ سیف اللہ میں خاتون ووٹر کے لئے پولنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔ جہاں پولنگ سٹاف صرف ایک ووٹر کے لئے سارا دن انتظار کرنے پر مجبور ہو گا۔