کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں ل ینے دینگے‘ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر
اسلام آباد (اے پی پی) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر میں منصفانہ، پرامن اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے تمام خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے ہفتہ کو پی ٹی وی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے یہ ہدایات بھی دی گئی ہیں کہ انتخابات کے دوران پولنگ کے مقامات کے اندر اور باہر سماجی فاصلوں کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے انتخابی عمل کے انتظامات اور سکیورٹی سے متعلق امور پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے مزید کہا کہ سخت سکیورٹی انتظامات اور انسداد کوویڈ۔19 ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کا انتخابی عمل منعقد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندگان اپنے قومی شناختی کارڈ ہمراہ لائیں اور چہرے پر ماسک لازمی پہنیں، انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف امیدواروں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواتین بھی انتخابات میں مساوی حصہ لیںگی اور بیشتر خواتین امیدوار بھی مختلف سیٹوں پر انتخاب لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے50 سے 60 فیصد سے زیادہ ووٹرز کی شرکت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لئے تمام ووٹرز خواہ زندگی کے کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہوں اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دینے کے لئے پرجوش ہیں جو کشمیری عوام کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے متنبہ کیا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔