پاکستان سپر لیگ کا شیڈول تبدیل ‘جنوری ‘فروری میں کرانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن اگلے برس جنوری فروری میں سجے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائزز کے درمیان اتفاق رائے ہوگیا، پی سی بی عہدیداران اور فرنچائزز کے درمیان ٹیلی کانفرنس ہوئی۔ٹیلی کانفرنس میں چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور سی او او سلمان نصیرتمام فرنچائزز کے نمائندوں نے شرکت کی۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فریقین کے درمیان نئے کمرشل رائٹس اور طریقہ کار کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری فروری میں موسم کی وجہ سے کراچی میں ہی پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن ہونے کا زیادہ امکان ہے جبکہ یو اے ای کا وینیو بھی خارج از امکان نہیں ہے۔آسٹریلوی ٹیم کے شیڈول ٹور سے قبل پندرہ فروری سے پہلے پی ایس ایل کا ایڈیشن ختم کرنا ہے اس لیے یو اے ای میں بھی ایونٹ کی منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ چیئرمین احسان مانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ساتواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں ہو گا۔، میچز موسم کی وجہ سے کراچی میں شروع ہوں گے جبکہ اختتام پنجاب میں ہو گا۔