لیگی امیدوار کی بھارت سے مدد مانگنے کی دھمکی‘بیان کو توڑا مروڑا گیا‘ میرا مطلب تھا کیا بھارت کو پکاروں‘ وضاحت
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن میں حلقہ ایل اے 35 جموں 2 (گوجرانوالہ) سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسماعیل گجر نے دھمکی دی ہے انتظامیہ نے بات نہ سنی تو مدد کے لیے بھارت کو پکاریں گے۔ میرا کیمپ اکھاڑا گیا‘ پولیس نے بھی نہیں روکا۔ گوجرانوالہ میں پولنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ ہائی سکول نمبر2 میں قائم پولنگ سٹیشن پہنچ گئے جہاں انہوں نے (ن) لیگ اور مسلم کانفرنس کے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا۔ بعدازاں (ن) لیگ کے امیدوار چوہدری اسماعیل گجر بھی پولنگ سٹیشن پہنچ گئے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے میرا انتخابی کیمپ اکھاڑا گیا، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ اگر پرامن پولنگ چلنے دینا ہے تو ٹھیک، ورنہ ہم بھی گڑ بڑ کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے میرے پولنگ ایجنٹ باہر نکالے اور انہیں دھمکیاں بھی دیں۔ دوسری جانب اسماعیل گجر کی جانب سے بھارت کو مدد کے لیے پکارنے کے بیان کی وضاحت سامنے آ گئی۔ اسماعیل گجر نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ اسماعیل گجر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے حوالے سے کچھ نہیں کہا بلکہ حکومت کے کردار پر تنقید کی۔ وہ انتظامیہ سے مخاطب تھے کہ وہ کس کو پکاریں، کیا کریں۔ ان کا کہنا تھا میرا مطلب تھا کہ انتظامیہ نے بات نہ سنی تو مدد کے لیے کیا بھارت کو پکاریں گے۔ پولیس بھی موجود تھی لیکن کسی نے کیمپ اکھاڑنے والوں کو نہیں روکا۔ ادھر کشمیریوں کو بھارت والے مارتے ہیں، ادھر یہ ہمارے کیمپ اکھاڑ کر پھینک دیتے ہیں۔