مجید نظامی کی برسی: کارکنان تحریک پاکستان آج مزار پر پھول چڑھائیں گے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ آبروئے صحافت‘ معمار نوائے وقت رہبر پاکستان اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامی کی ساتویں برسی کے موقع پر آج سوموار 26 جولائی کو 9:00 بجے صبح کارکنان تحریک پاکستان‘ نظریہ پاکستان ٹرسٹ‘ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران و کارکنان قبرستان میانی صاحب میں مجید نظامی مرحوم کے مزار پر حاضری دیں گے۔ ان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کریں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔ 10:00 بجے صبح ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں محفل قرآن خوانی منعقد ہو گی۔ ختم و دعا 11:30 بجے ہو گی۔ بعدازاں ایک خصوصی نشست منعقد ہو گی جس کی صدارت نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین میاں فاروق الطاف کریں گے جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات مجید نظامی کی قومی‘ ملی اور صحافتی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔ ان تقریبات کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ یاد رہے کہ مجید نظامی 26 جولائی 2014ء کو رمضان المبارک کی ستائیسویں شب وصال فرما گئے تھے۔