• news

آزاد کشمیر الیکشن: پی ٹی آئی نے میدان مار لیا

مظفر آباد‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ گوجرانوالہ‘  (جنرل رپورٹ‘ نوائے وقت رپورٹ‘ نمائندگان) آزاد کشمیر الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف 23 ‘ پی پی پی 8 ‘ مسلم لیگ ن 3 ‘ مسلم کانفرنس 2 جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے بھی 2 سیٹوں پر برتری حاصل کر لی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اب تک واضح برتری حاصل کر چکی ہے۔ آزاد جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے 45 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ ان میں سے 33 حلقے آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں ہیں جبکہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں رہنے والے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی ووٹ ڈالے گئے۔ قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں کا انتخاب نتائج آنے کے بعد کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے فوج، ایف سی، رینجرز اور پولیس کی خدمات بھی حاصل کیں۔ انتخابات میں رائے دہندگان کی تعداد 32 لاکھ 20 ہزار سے زائد ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مرد رائے دہندگان کی تعداد 17 لاکھ سے زیادہ جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ سے زائد ہے۔ ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ مسلم کانفرنس، جماعت اسلامی اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کئے۔ پاکستان کے چاروں صوبوں میں کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں میں سے 6 نشستیں وادی کشمیر اور 6 جموں کے مہاجرین کے لئے مختص ہیں۔حلقہ ایل اے1 میرپور سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چودھری اظہر صادق 14233 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔ ایل اے2 میر پور  سے  پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار  چوہدری قاسم مجید 6846 ووٹ لے کر کامیاب، ایل اے 3 میرپور سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود نے 18662 ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کی، ایل اے 4 میرپور سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چودھری ارشد حسین نے 22752 ووٹوں سے فتح حاصل کی۔ ایل اے 5 بھمبر سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کرنل ریٹائرڈ وقار نور 21799 ووٹ حاصل کرکے فتحیاب رہے۔ حلقہ ایل اے 6 بھمبر سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی شان سونی نے فتح سمیٹی، انہوں ے 22320 ووٹ حاصل کئے۔ ایل اے 7 بھمبر سے پاکستان تحریک انصاف کے چودھری انوار الحق 33520 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔ ایل اے 8 کوٹلی سے تحریک انصاف کے ظفر اقبال ملک نے 17302 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ایل اے 10 بھمبر سے پیپلز پارٹی کے چودھری یاسین نے فتح سمیٹی اور 9562 ووٹ حاصل کئے۔ ایل سے 11 کوٹلی سے تحریک انصاف کے چودھری اخلاق نے 23063 ووٹ حاصل کرکے اپنے مخالفین کو ہرا دیا۔ ایل اے 14 باغ سے مسلم کانفرنس کے رہنما اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد نے 29561 ووٹ لئے اور کامیاب رہے۔ ایل اے 15 باغ سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار تنویر الیاس نے 19825 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ ایل اے 18 پونچھ سے پاکستان تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نے 24829 ووٹ حاصل کئے اور کامیابی اپنے نام کی۔ حلقہ ایل اے 19 پونچھ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سردار عامر الطاف نے 13413 ووٹ حاصل کرکے مخالفین کو شکست دی۔ حلقہ این اے 20 پونچھ سے سردار یعقوب جن کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے نے 11320 ووٹ حاصل کرکے اپنے مخالفین کو شکست دی۔  ایل اے 21  پونچھ سے جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار حسن ابراہیم نے 8203 ووٹ حاصل کرکے فتح اپنے نام کی۔ایل اے 2 2  پونچھ سے جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے امیدوار سرداراسد ابراہیم نے 973ووٹ حاصل کرکے فتح اپنے نام کی۔ایل اے 24سے  پی ٹی آئی کے فہیم اختر ربانی 28 ہزار 103 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ن لیگ کے سردار فاروق طاہر 24 ہزار 502 ووٹ لے سکے۔  ایل اے 25 نیلم سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار 16789 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔ حلقہ ایل اے 26 نیلم سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار میاں عبدالوحید نے 18870 ووٹ حاصل کئے اور کامیاب رہے۔ایل اے 29 مظفر آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے خواجہ فاروق احمد نے 13333 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی۔ ایل اے 30 مظفر آباد سے چودھری رشید جن کا تعلق پاکستان تحریک انصاف کیساتھ ہے  نے 17756 ووٹ لئے اور فتح اپنے نام کی۔ایل اے 32 مظفر آباد 6 سے مسلم لیگ ن کے راجہ فاروق حیدر 15590 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل پی پی کے صاحبزادہ محمد اشفاق 15100 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔  حلقہ ایل اے 34 جموں ودیگر سے چودھری ریاض گجر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے 4320 ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کی۔آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 35 جموں سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چودھری مقبول گجر نے 18883 ووٹ حاصل کرکے اپنے مخالفین کو شکست دی۔ ایل اے 36 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حافظ حامد رضا نے 22096 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ایل اے 37 جموں ودیگر سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخاب لڑنے والے امیدوار اکمل سرگالہ نے 25963 ووٹ حاصل کئے اور فتح سمیٹی۔ ایل اے 38 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اکبر ابراہیم لودھی نے 12219 ووٹ لے کر فتح حاصل کی۔ ایل اے 39 جموں ودیگر سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ صدیق نے 6048 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ایل اے 40 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار عامر عبدالغفار لون 2348 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔ ایل اے 41 کشمیر وہلی سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار دیوان غلام محی الدین نے 2326 ووٹ لئے اور کامیابی اپنے نام کی۔ ایل اے 42 کشمیر ویلی سے تحریک انصاف کے امیدوار عاصم شریف بٹ 1254 ووٹ لے کر فاتح رہے۔ ایل اے 43 کشمیر ویلی سے جاوید بٹ جن کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے کامیاب قرار پائے، انہوں نے 774 ووٹ حاصل کئے۔ ایل اے 44 کشمیر ویلی سے پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار احمد رضا قادری نے میدان مارا، انہوں نے 2007 ووٹ حاصل کرکے فتح اپنے نام کی۔آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 45 کشمیر ویلی سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالماجد خان 1545 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ حلقہ ایل اے 27 مظفر آباد‘ حلقہ ایل اے 28 مظفر آباد‘ حلقہ ایل اے 31 مظفر آباد‘ حلقہ ایل اے 33 ‘ مظفر آباد سے نتائج آنا باقی ہیں۔ ایل اے 35 جموں 2 کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے لیگی امیدوار کو 1998 ووٹوں سے شکست دے دی۔ تحریک انصاف کے کارکنان کا جشن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے کھلاڑیوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئی۔ آزاد کشمیر کے ایل اے 35 جموں 2 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار مقبول گجر اور لیگی امیدوار اسماعیل گجر میں کانٹے دار مقابلہ ہوا جس میں تحریک انصاف کے امیدوار مقبول گجر نے 18883 ووٹ لیکر میدان مار لیا جبکہ ان کے مدمقابل لیگی امیدوار اسماعیل گجر نے 16885 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ قلعہ دیدار سنگھ سے چودھری حسیب پندھیر کے مطابق قلعہ دیدار سنگھ میں قائم کردہ 3 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج مکمل‘ تحریک انصاف کے امیدوار مقبول گجر نے 210 ووٹوں سے میدان مار لیا۔ ایل اے 29 مظفر آباد ون سے پی پی کے سردار جاوید ایوب 27290 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار میر عتیق الرحمان 24320 ووٹ حاصل کر سکے۔ ایل اے 28 مظفر آباد 2 سے پی پی کے سید بازل نقوی 28522 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ پی ٹی آئی کے چودھری شہزاد 22203 ووٹ لے سکے۔ ایل اے 31 مظفر آباد 5 سے پی پی کے چودھری لطیف اکبر 22194 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ مسلم کانفرنس کے ثاقب مجید راجہ 12517 ووٹ حاصل کر سکے۔
گوجرانوالہ، شیخوپور، سیالکوٹ، وزیر آباد،  جھنگ، بھلوال (نمائندگان+ نامہ نگاران)آزادکشمیر کے انتخابات میں پولنگ کے دوران تشدد کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے حلقہ ایل اے 12چڑھوئی میں 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ہونے والے تصادم اور جھگڑے کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 2 افراد جا ں بحق ہوگئے۔ کوٹلی پولیس کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ادھر مظفر آباد کے حلقہ ایل اے 27 کے پولنگ سٹیشن کوپرا گلی میں بھی دو گروپوں میں جھگڑا ہوا جس کے بعد  پولنگ کا عمل رک گیا تھا۔ کوٹلی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری یاسین کی گاڑی پر بھی حملہ ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی نے الزام لگایا کہ چودھری یاسین کی گاڑی پر حملہ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کارکنوں نے کیا۔ فائرنگ سے گاڑی چھلنی ہوگئی تاہم چوہدری یسین بال بال بچ گئے۔ انتخابی حلقے LA-44 میں پولنگ سٹیشن 20 حیدر امین شہید ماڈل سکول کے قریب واقع پاکستان پیپلزپارٹی کا پولنگ کیمپ اکھاڑ دیا گیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر تاج حیدر نے آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو واقعات کی تحریری شکایت جمع کرادی۔ حلقہ 45 کے پشاور سٹی نمبر2 سکول میں بھی پولنگ روک دی گئی۔ اطلاعات ہیں کہ پولنگ ایجنٹوں کی بد نظمی کے باعث روکی گئی۔ پولیس نے ہنگامی آرائی کرنیوالے6 افرادکو حراست میں لیا۔ راولاکوٹ کے حلقے ایل اے 20 ریڑ بن میں ووٹرز کے احتجاج کے باعث پولنگ سٹیشن کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ ووٹرز نے پولنگ عملے کوسٹیشن کے اندر داخل نہیں ہونے دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے 150ووٹ دوسری جگہ منتقل کیے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران سیاسی جماعت کے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایل اے 32 ڈل چٹیاں آزاد کشمیر میں پولنگ سٹیشن نمبر 54 میں سیاسی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے پولیس پارٹی پر حملہ کیا گیا۔ سیاسی جماعت کے کارکنوں کو خواتین پولنگ سٹیشن جانے سے روکا تھا۔ 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، کارکنوں نے ڈنڈوں سے پولیس پر حملہ کیا۔ علی پور چٹھہ میں )ن( لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا ہوا۔ پولیس کے مطابق (ن) لیگ سوشل میڈیا ونگ کے جنرل سیکرٹری فاروق  وسیم ڈار سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارکنوں کی گرفتاری پر عطا تارڑ تھانہ علی پور چٹھہ پہنچ گئے۔ عطا تارڑ اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن میں تلخ کلامی ہوئی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دو طرفہ جھگڑا ہوا، پولیس نے صرف ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا۔ جموں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایل اے 34 جموں ون میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔ تصادم میں پیپلز پارٹی کے امیدوار زاہد اقبال اور 2 کارکن زخمی ہو گئے۔ آزاد جموں کشمیر الیکشن حلقہ ایل اے38جموں 5تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار ظفر اقبال کے پولنگ کیمپ مقامی پولیس نے اکھاڑ کر رکھ دیا، ٹی ایل پی کارکنان کا شدید احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق وزیرآباد سرکل پولیس نے امیدوار ایل اے38جموں 5کے امیدوار کا نام و انتخابی نشان بیلٹ پیپر پرشائع ہونے کے باجود ایم سی ہائی سکول وزیرآباد، دھونکل ودیگر مقامات پر لگائے گئے۔ انتخابی کیمپ اکھاڑ دیئے جبکہ دھونکل میں پولیس انتظامیہ کے ساتھ کا فی تو تکرار ہوئی۔ ٹی ایل پی کارکنان کا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپر تحریک لبیک پاکستان کا انتخابی نشان کرین اور امیدوار کا نام کندہ ہے اس پارٹی پر کوئی پابندی نہیں۔ مقامی انتظامیہ حکومتی امیدوار کو جتوانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ اس موقع پر پولیس اور ٹی ایل پی کارکنان میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی۔ ایس ایچ او کا اہلکاران کے ہمراہ صحافیوں پر بہیمانہ تشدد، مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا ء اللہ تارڑ کی تھانہ کے باہر ہنگامی پریس کانفرس، مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے ڈاکٹر نثار احمد چیمہ، ایم پی اے عادل بخش چٹھہ سمیت تھانہ کے باہر احتجاجی دھرنا۔ 10صحافیوں پر تشدد کی شدید مذمت، سی پی او کے آنے تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔ آزاد جموں کشمیر ایل اے 38جموں 5کے الیکشن کے لئے گورنمنٹ ہائی سکول علی پور چٹھہ میں قائم پولنگ سٹیشن پر پی ٹی آئی کے رہنما عمران یوسف گجر اور (ن) لیگ کے رہنما عامر محمود رہاڑ ایڈووکیٹ کے درمیان کسی بات پر تو تکرار کے بعد جھگڑا ہوگیا جس پر باہم کشیدگی کے بعد اطلاع موصول ہونے پرمسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاء اللہ تارڑ لیگی ایم این اے ڈاکٹر نثاراحمد چیمہ، ایم پی اے عادل بخش چٹھہ اور سینکڑوں کارکنان کے ہمراہ پولیس سٹیشن علی پور چٹھہ پہنچ گئے اور پی ٹی آئی رہنما کے خلاف بھی کاروائی کا مطالبہ کیا۔ تھانہ علی پور چٹھہ کے احاطے میں پریس کانفرنس کی اجازت نہ ملی اور موقع پر صحافیوں جوکہ اس وقوعہ کی کوریج کررہے تھے ایس ایچ او کے حکم پر پولیس نے ان پر دھاوا بول دیا۔ انکے کیمرے چھین لیے اور بہیمانہ تشدد کانشانہ بنایا۔ اس پر علاقے کے عوامی سماجی حلقوں کی طرف سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے اور پولیس گردی کی سختی سے مذمت کی جا رہی ہے۔ تاحال تھانے کے باہر صحافیوں اور سیاسی راہنمائوں کا شدید احتجاج جاری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما ئوں کی آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے الیکشن کے موقع پرگر لز ہائی سکول سیٹلائٹ ٹائون گوجرانوالہ کے پولنگ سٹیشن سے (ن) لیگ کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دینے پر ڈی سی گوجرانوالہ سہیل خواجہ کے خلاف نیوز کانفرنس ، پولنگ ایجنٹس کو ہراسا ںکرنے اور پولنگ کا عمل معطل کرنے پر شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) عطاء تارڑ،ڈویژنل سینئر نائب صدر حاجی عبدالرئوف مغل ، سٹی صدر سلمان خالد پومی بٹ یوسی چیئرمین خطیب الرحمان، یو سی چیئر مین انصر سندھو و دیگر نے گر لز ہائی سکول سیٹلائٹ ٹائون گوجرانوالہ میں قائم پولنگ سٹیشن سے مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دینے پر ڈی سی گوجرانوالہ سہیل خواجہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ڈپٹی کمشنر مزید کسی پولنگ سٹیشن پر گئے تو ان کے خلاف سخت مزا حمت کی جائے گی اور ڈی سی آفس کا گھیرائو بھی کیا جائے گا۔ ضلع شیخوپورہ میں آزاد کشمیر کے انتخابات کیلئے کشمیری ووٹرز کیلئے 9 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ان 9پولنگ سٹیشنوںمیں کل ووٹرز کی تعداد937 تھی مگر ان پولنگ سٹیشنز پر ٹرن آئوٹ50 فیصد کے قریب رہا ہے جہاں پر غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق ایل اے 34 جموں ون سیٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ریاض احمد 231 ووٹ لیکر آگے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ناصر ڈار 44 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر اسی طرح آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 31 ویلی 2 کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے غلام محی الدین 205 ووٹ لیکر آگے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے اکرام بٹ 83 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ شیخوپورہ کے علاقوں شرقپور کے دونون پولنگ سٹیشنوں سے پی ٹی آئی نے کلین سویپ کیا جبکہ مجموعی طور پر ضلع شیخوپورہ سے تحریک انصاف نے میدان مارلیا۔ انتخابات کیلئے پولنگ صبح 9 بجے سے لیکر شام 5 بجے تک جاری رہی جس کیلئے 9 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے جن میں شیخوپورہ میں3 شرقپور، فیروزوالہ ،مرید کے میں دو ،دو پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے جہاںپرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ضلع میںکل کشمیری ووٹر کی تعداد 837 ہے ان انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر میاںخالد محمود، ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ، ڈی پی او احسن سیف اللہ، تحریک انصاف کے ضلعی صدر کنور عمران سعید نے دورے کئے جہاں انہوں نے پولنگ افسران اور عملہ سے ملاقاتیں کیں ۔ شیخوپورہ، جوئیانوالہ  سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابات میں ضلع شیخوپورہ کے انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار کلین سویپ کرگئے ہیں۔ حاصل شدہ نتائج کے مطابق ایل اے 34 جموں 1 کے ضلع شیخوپورہ کے پانچ پولنگ سٹیشن کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ میں پی ٹی آئی نے میدان مارلیا ہے پی ٹی آئی کے ریاض احمد 231 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر، (ن) لیگ کے زاہد اقبال 26 ووٹ لے کر دوسرے اور پیپلز پارٹی کا امیدوا ر کوئی ووٹ حاصل نہ کرسکا۔ پولنگ سٹیشن پر مجوعی ووٹوں کی تعداد 438 تھی جن میں 317 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ ان پانچ پولنگ اسٹیشن پر ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح 72 اعشاریہ 37 فیصد رہی جبکہ ایل اے 41 ویلی ٹو کے چار پولنگ سٹیشن کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان 205 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر، مسلم لیگ (ن) کے اکرام بٹ 83 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کو اس نشست پر بھی کوئی ووٹ نہ پڑا، ایل اے 41 ویلی ٹو پر مجموعی ووٹرز کی تعداد 399 تھی جبکہ 298 ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیاایل اے 41 ویلی ٹو پر ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح 74, 68 فیصد رہی، ان انتخابی نتائج کا اعلان ہوتے ہی پی ٹی آئی کے ضلعی صدر کنور عمران سعید کی اقامت گاہ پر کارکن جمع ہوگئے جہاں انہوں نے اپنے امیدواروں کی کامیابی کی خوشی میں دھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور وزیر اعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ انصاف ویلفیئر ونگ کے سٹی صدر میاں افضال حیدر کے دفتر میں کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کرنے سمیت شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے ۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 36کے انتخابات کے 62پولنگ سٹیشنوں کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حافظ حامد رضا 9023ووٹ لے کر پہلے نمبر پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے چوہدری محمداسحاق 8503ووٹ لیکر دوسرے نمبر اور پاکستان تحریک لبیک کے رانا عدنان جمیل 2806ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہے۔ جھنگ  سے نامہ نگارکے مطابق  حلقہ ایل اے 34جموں ون کے پولنگ اسٹیشن نمبر63 گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول چک نمبر 481ج ب جھنگ پر پولنگ کے دوران پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہو ا جس کے نتیجہ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار زاہد اقبال ایڈووکیٹ زخمی ہو گئے۔ سردار زاہد اقبال ایڈووکیٹ بطور امیدوار مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کر رہے تھے جب وہ چک نمبر 481کے پولنگ سٹیشن پر پہنچے تو وہاں پر موجود پی ٹی آئی کے کارکنوں سے آمنا سامنا ہو گیا جنہوں نے مبینہ طور پر ڈنڈوں سے سردار زاہد اقبال کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجہ میں ان کے چہرے پر زخم آئے۔ سردار زاہد اقبال ایڈووکیٹ نے کارروائی کے لئے تھانہ وریام والا پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ جھنگ نامہ نگار  حلقہ ایل اے 34جموں ون کے پولنگ اسٹیشن نمبر 56گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول کشمیر کالونی چک نمبر 449ج ب پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے تین افراد پولیس نے گرفتار کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان شاہنواز، یوسف اور شاہد مذکورہ پولنگ سٹیشن پر سر عام اسلحہ کی نمائش کر رہے تھے۔ پولیس تھانہ موچی والا نے تینوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ ایک رپیٹر اور دو رائفلیں برآمد کر لی ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔آزاد وجموں کشمیر کے انتخابی حلقہ 34جموں 1میں تحریک لبیک کے امیدوار راجہ فضل الرحمان کا بھلوال میں کیمپ الیکشن کے موقع پر پولیس نیختم کروا دیا۔جس پر تحریک لبیک کے مقامی رہنماؤں نے درخت ودیوار کی چھاؤں میں بیٹھ کر اپنا کام جاری رکھتے ھوئے الیکشن میں حصہ لیا۔ تحریک لبیک کے رہنماؤں کے مطابق انکا کیمپ پولیس نے ختم کرایا جنکا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پر پابندی ھے وہ کیمپ نہیں لگا سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن