تھانوں میں تعینات فرنٹ ڈیسک ملازمین آج مطالبات کے حق میں احتجاج کریں گے
لاہور(نامہ نگار) پنجاب بھر کے پولیس تھانوں میں تعینات فرنٹ ڈیسک ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں آج احتجاج کریں گے۔ فرنٹ ڈیسک ملازمین کا کہنا ہے کہ تقریباً چھ سال گزرنے کے باوجود نہ تو کوئی سالانہ انکریمنٹ لگائی گئی ہے اور نہ ہی اب تک ہمیں مستقل کیا گیا ہے۔ فرنٹ ڈیسک کے ملازمین اب تنگ آکر محکمہ پولیس کو خیر باد کہہ رہے ہیں۔اگر محکمہ نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو وہ کام چھوڑ ہڑتال اور بھر پور احتجاج کریں گے۔ فرنٹ ڈیسک کے ملازمین نے آئی جی انعام غنی اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگرسے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کو مستقل کیا جائے تا کہ مہنگائی کے دور میں اپنا اچھا گزر بسر کر سکیں اور عوام کی فلاح کا یہ کام جاری رہ سکے۔ فرنٹ ڈیسک ملازمین نے مطالبات کے حق میں آج بروز پیرپنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کریں گے۔