ڈی اے پی کھاد پر سبسڈی کا طریقہ کار پیچیدہ‘ مافیا کسانوں کو لوٹنے لگا
رحیم یار خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈی اے پی کھاد پر سبسڈی کا طریقہ کار پیچیدہ ہونے سے کھاد مافیا سادہ لوح کسانوں کو لٹنے لگا‘ کسانوں کو ملنے والی فی بوری پر ایک ہزار کی سبسڈی مافیا اپنی جیب میں ڈالنے لگا‘ کھاد ڈیلر سبسڈی والی بوری کا کوپن 200 سے 300 روپے میں خرید کرنے لگے‘ رحیم یار خان میں کھاد سود پر دینے کا دھندہ بھی عروج پر پہنچ چکا ہے۔ کسانوں عبدالمجید،محمد فیاض،حافظ کریم بخش،چوہدری محمد حسین،حاجی محمد منشائ،شاہ نواز،میاں ذوالفقار علی،میاں سعید احمد،حاجی رفیق احمد،چوہدری احسان الحق،شمشاد خان،محمد شہزاد و دیگر نے بتایا کہ کھاد مافیا نے انہیں سبسڈی والی کھاد فراہم کرنے کی بجائے انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر رکھا ہے،اگر کوئی زمیندار اس بابت جاننے کی کوشش کرے تو انہیں بلیک میل کیا جاتا ہے اور انہیں کھاد نہ دینے کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں،کسانوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب،سیکرٹری زراعت اور اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس تمام تر صورتحال بارے جب موقف جاننے کیلئے محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر اقرار حسین کو کال کی تو انہوں نے فون کال اٹنڈ نہیں کی۔