ناراض بلوچوں کو منانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: شاہ زین بگٹی
صادق آباد (نمائندہ نوائے وقت) بلوچستان پاکستان کا اور پاکستان بلوچستان کا حصہ ہے۔ ناراض بلوچوں کو منانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ بلوچستان کو محرومیوں کی دلدل سے نکال کر ترقی کے دہانے پر لا کھڑا کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے جوذمہ داری سوپنی ہے اس پر ذاتی ذمہ داری لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی نواب زادہ شاہ زین بگٹی نے صادق آباد کے علاقہ رحیم آباد میں آمد کے دوران سردار معین اکمل خان لغاری کے صاحبزادے صلاح الدین اکمل لغاری اور ایم این اے شیخ فیاض الدین سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا سندھی ' پنجابی ' بلوچ ' پٹھان ' سرائیکی سب پاکستانی ہیں ان کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ انہیں تحفظ فراہم کرنا ناصرف بلوچستان حکومت کی بلکہ ہماری بھی اولین ذمہ داری اور اہم فریضہ ہے۔