• news

عطا تارڑ، لیگی کارکنوں کی ضمانت، رہا کردیا گیا

وزیرآباد+ گوجرانوالہ+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاء تارڑ اور دیگر لیگی ساتھیوں کی جوڈیشل مجسٹریٹ محمد آصف نے 30 ہزار کے ذاتی مچلکوں پر ضمانت منظور کرکے رہا کردیا۔ کارکنوں نے عطاء تارڑ اور دیگر رہنماؤں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نعرے بازی کی۔ گذشتہ روز عطاء تارڑ اور دیگر کارکنوں کے خلاف روڈ بلاک کرنے‘ دھمکیاں دینے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے عطاء تارڑ نے کہا کہ حکمران مجھے جیل بھیج کر سیالکوٹ کا ضمنی الیکشن چوری کرنا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء ترجمان مریم اورنگزیب نے عطاء اللہ تارڑ کو ہتھکڑی لگا کر بکتر بند گاڑی میں پیش کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا کہ عطاء اللہ تارڑ کی گرفتاری آمرانہ اور فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے۔ پاکستانی جان لیں کہ اب احتجاج کرنے پر ہتھکڑی پہنائی جائیگی، قید کیا جائے گا۔ فسطائی ذہنیت رکھنے والے عمران صاحب کے دور میں احتجاج بھی سنگین جرم بنا دیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے فواد چودھری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ جن کی اپنی کرسیاں ووٹ چوری کی مرہون منت ہوں انہیں استعفیٰ مانگتے شرم آنی چاہئے۔ جن کی حکومت لوٹوں کی بے ساکھیوں کے سہارے چل رہی ہو وہ اپنے گریبان میں جھانکیں۔ استعفی وہ دیں جنہوں نے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا۔ مریم نواز کا استعفیٰٖ مانگنے والے تم ہو کون؟۔ وزراء کے جھوٹ بولنے سے الیکشن چوری کی حقیقت نہیں بدلے گی۔

ای پیپر-دی نیشن