• news

  اسد قیصر کی سربراہی میں  پارلیمانی وفد آذربائیجان روانہ

اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پاکستان کا 14رکنی پارلیمانی وفد آذربائیجان، پاکستان اور ترکی کے سپیکر کے پہلے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے باکو، آذربائیجان چلا گیا ہے۔ پارلیمانی وفد کا یہ دورہ آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر صاحبہ غفارووا کی اس سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے جو باکو میں ہوگا۔ اس سہ فریقی پلیٹ فارم کی تشکیل آذربائیجان کی ملی مجلس کی سپیکر صاحبہ غفارووا کی تجویز تھی جس کی پاکستان اور ترکی کے سپیکروں نے تینوں برادر ممالک میں قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تائید کی۔ اس سہ فریقی اجلاس میں علاقائی تعاون اور رابطوں کو بڑھانے پر غور کرنے کے لئے 27جولائی 2021کو تین پارلیمنٹس کے سپیکروں کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ ایگزیکٹو کمیٹی  کے اجلاسوں کے دوران باکو اعلامیہ کے مندرجات اور دوسری سہ فریقی اجلاس کے مقام کا تعین پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن