• news

چودھری عبدالرحمان سے ملاقات‘  تعلیم کی ترویج مشن: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے چیئرمین سپیریئر گروپ آف کالجز اینڈ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے ملاقات کی اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اور پاکستان میں تعلیم کی ترویج ہی ہمارا مشن ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر میں بھی زیادہ سے زیادہ تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ پنجاب اور پاکستان میں معیاری تعلیم کا مزید فروغ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں تعلیم کی ترویج ہماری بنیادی پالیسی کا حصہ رہا ہے۔ اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں کوشش کی کہ زیادہ سے زیادہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انشاء اللہ آئندہ بھی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں نئی یونیورسٹیز کے قیام کی حوصلہ افزائی اور ہر ممکن مدد کریں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کا وزارت اعلیٰ کا دور ہو یا بطور سپیکر انہوں نے ہمیشہ تعلیمی اداروں کی سرپرستی کی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی کی تعلیم دوست پالیسیوں خصوصاً پڑھا لکھا پنجاب کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن