• news

قومی کرکٹ ٹیم میں ڈسپلن ، میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں: عاقب جاوید 

لاہور(حافظ محمد عمران/سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر اور لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں ڈسپلن، فٹنس، کارکردگی اور میرٹ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، ہماری سلیکشن پر دنیا میں پاکستان کا مذاق بن رہا ہے، لوگ پاکستان پر ہنس رہے ہیں، دنیا آگے بڑھ رہی ہے، ہم شرجیل خان اور اعظم خان کو منتخب کر کے 80 کی دہائی میں واپس چلے گئے ہیں، کیا وزیراعظم پاکستان عمران خان کی نظر سے یہ کھلاڑی گذرے ہیں، اگر وزیراعظم عمران خان ان کھلاڑیوں کی فٹنس پر نظر ڈالیں تو سب سے پہلے انہیں نکالیں گے۔ یہ سلیکشن پاکستان کے ساتھ مذاق ہے۔ قومی ٹیم کی کارکردگی نہایت خراب اور غیر تسلی بخش ہے۔نہ ہمارے پاس نئے گیند کا کوئی باؤلر ہے، نہ ہمارے پاس کوئی مڈل آرڈر بلے باز ہے۔ آج بھی شعیب ملک سے بہتر مڈل آرڈر بلے باز ہمارے پاس نہیں۔ ہم چالیس سال کی عمر میں کھلاڑیوں کے ڈیبیو کروا رہے ہیں۔ کیا سلیکٹرز کی ذمہ داری صرف پی ایس ایل دیکھنا ہے، یہ کیوں ہر جگہ نہیں جاتے۔ کیوں ملک کے طول و عرض میں پھیلے ٹیلنٹ کو تلاش کرتے اور انہیں قومی ٹیم میں لانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دیتے۔ اربوں روپے خرچ کرکے ڈومیسٹک کرکٹ کروانے کا کیا فائدہ ہوا ہے جب کھلاڑیوں کی سلیکشن صرف پاکستان سپر لیگ سے کرنی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن