• news

دستور کے مطابق فیصلے کئے‘ حکومت کا تختہ نہیں الٹا: صدر تیونس 

تیونس سٹی/ واشنگٹن  (این این آئی) تونس کے صدر قیس سعید نے جمہوریت کے احترام کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ  انتھونی بلنکن کی گزارش کا جواب دیتے ہوئے باور کرایا ہے کہ وہ آئین کی پاسداری اور حقوق و آزادی کے تحفظ کے شدید خواہاں ہیں۔  یہ موقف دونوں شخصیات کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والے رابطے میں سامنے آیا۔ انتھونی بلنکن نے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران صدر قیس پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی کھلاڑیوں اور تیونس کے  عوام کے ساتھ مکالمے کا سلسلہ جاری رکھیں۔ اس موقع پر بلنکن نے وعدہ کیا کہ امریکا تیونسی معیشت کو سہارا دے گا اور اسی طرح کووڈ 19 کی روک تھام کے میدان میں بھی مدد کرے گا۔ تیونس کے صدر قیس سعید نے کہا ہے کہ انہوں نے دستور پر عمل درآمد کرتے ہوئے حالیہ فیصلے کیے ہیں اور انہوں نے حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے ایسا نہیں کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلامی جماعت النہضہ کے حامیوں کو جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پرامن رہیں اور کسی اشتعال انگیزی کا جواب نہ دیں۔ ادھر امریکہ نے تیونس میں رونما ہونے والے واقعات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور ملک میں امن وامان برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وائٹ ہائوس کی خاتون ترجمان جین ساکی نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ امریکہ تیونس کی سینئر قیادت سے رابطے میں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن