پرویز خٹک کی چینی ہم منصب سے ملاقات: داسو واقعہ کی مذمت
دوشنبے (آئی این پی) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ تاریخی اور آزمائی ہوئی پاک چین دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔ پرویز خٹک نے چینی ہم منصب سے دوشنبے، تاجکستان میں ملاقات کی جس دوران دونوں وزرائے دفاع نے خطے کی جیو پولیٹیکل صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دہشتگردی سمیت تمام مشترکہ چیلنجز اور خطے میں استحکام کی فضا کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا اور سی پیک منصوبوں کو سکیورٹی کی فراہمی کے مشترکہ مقصد کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے داسو ڈیم منصوبے پر کام کرتے افراد پر حملے کی بھی مذمت کی ۔ جاری دفاعی تعاون اور بالخصوص کوویڈ 19 وبا کے دوران باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تمام مسائل کے پر امن حل پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان اور تاجکستان افغانستان کے ہمسائے ہونے کے ناطے ایک جیسے سکیورٹی چیلنجز اور خطرات کا سامنا کررہے ہیں۔ منگل کو وہ تاجک ہم منصب سے بھی ملے۔ انہوں نے خطے میں سلامتی و استحکام کے لئے تاجکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ تاجک وزیر دفاع نے پاکستان کے ساتھ مل کے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں فریقین نے اعلی سطح کے دوروں میں اضافے اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے تاجک مسلح افواج کی دفاعی سازو سامان کی ضرورت کو پورا کرنے کا یقین دلایا۔