جلد اور معیاری انصاف میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی: جسٹس امیر بھٹی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی کے ساتھ پاکستان بار کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں احسن بھون، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، طاہر نصراللہ وڑائچ، فاروق ڈوگر، غلام عباس نسوانہ اور پیر مسعود چشتی شامل تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے چیف جسٹس کو بنچ اور بار کے مابین تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جوڈیشل سسٹم کے بنیادی سٹیک ہولڈرز عوام ہیں۔ سائلین اور وکلاء کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی ہمارا نصیب العین اور اولین ترجیح ہے، جس میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔