• news

حکومت مسلم لیگ ن کی، پولیس ماتحت، پھر بھی دھاندلی، شکست مان لیں: فواد چوہدری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مسلم لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت آپ کی‘ پولیس بھی آپ کے ماتحت پھر بھی دھاندلی کا الزام۔ (ن) لیگ  آزاد کشمیر کی شکست تسلیم کرے۔  فواد چودھری نے سوال اٹھایا کہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم اور الیکشن  کمشنر (ن) لیگ کا پھر دھاندلی کون کر سکتا ہے؟۔ جہاں اپوزیشن بار جائے وہاں دھاندلی کا شور مچاتی ہے۔ عمران خان نے کامیاب انتخابی مہم پر وزراء کو مبارکباد دیتے ہوئے آزاد کشمیر میں دو کارکنوں کی ہلاکت پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ سابق وزیراعظم رو رو کر بتا رہے تھے کہ وہ ہار گئے کیونکہ دھاندلی ہوئی۔ ایک ٹویٹ میں  فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی جدوجہد شفاف نظام کیلئے ہے۔ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری پر کوئی ڈیڈ لاک  ہے۔ فواد حسین نے کیپٹن محمد سرور شہید کے 73 ویں یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن سرور شہید کا ناقابل تسخیر حوصلہ اور غیر متزلزل وفاداری ہمیشہ کیلئے عزم و ہمت کی مثال بنے رہیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مادر وطن اور کشمیر کیلئے ان کی قربانی ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے کہ ہم نے اپنے وطن عزیز کی ہر قیمت پر حفاظت کرنی ہے۔  قوم، ملک کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن