ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت مرچکا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور سی ٹی ڈی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ کاؤنٹر وائلنٹ ایکسٹریمزم (CVE) بلاک اور سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول بلاک‘ سی ٹی ڈی ہیلپ لائن (080011111) کا بھی افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھا۔ سی ٹی ڈی کے کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا مظاہرہ دیکھا۔ عثمان بزدار نے خود بھی پسٹل سے فائرنگ پریکٹس کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب طاہر خورشید نے بھی فائرنگ پریکٹس کی۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ رینج میں سٹیٹ آف آرٹ سہولتوں کی تعریف کی۔ ہائی پروفائل کیسز حل کرنے اور ملزموں کو گرفتار کرنے پر سی ٹی ڈی کے افسروں میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفیکٹس تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی فورس کیلئے 2 ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی نے صوبہ بھر میں دہشتگردی کی روک تھام کیلئے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں۔ سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشتگردی کے واقعہ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا اور ملزموں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی کیلئے نئی پوسٹوں پر بھرتی، سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کیلئے اراضی فوری طور پر فراہم کرنے اور مزید 10 اضلاع میں سی ٹی ڈی کے دفاتر کی تعمیر کیلئے اراضی دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوارٹر تک رسائی کیلئے سڑکوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر ہوگی۔ سی ٹی ڈی کو ڈرون جی ایس ایم لوکیٹر، سنائپر رائفلز اور دیگر آلات فراہم کیے جائیں گے۔ سی ٹی ڈی کیلئے بم ڈسپوزل یونٹ کا قیام عمل میں لائیں گے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے انسداد دہشت گردی فورس کے تربیت یافتہ جوان قومی جذبے سے کام کررہے ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی کے ہیڈ کوارٹرز میں مون سون سیزن کی شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ کادورہ کیا اور مون سون سیزن شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ وزیراعلیٰ نے بلیو پوٹری ڈسپلے سینٹرکا دورہ کیا۔ عثمان بزدار نے اپرنٹس شپ ایکٹ2021کا باقاعدہ اجراء کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپرنٹس شپ ایکٹ کے تحت نوجوانوں کو انڈسٹریز میں ٹریننگ دی جائے گی اور سرٹیفکیشن ٹیوٹا کرے گا۔اپرنٹس شپ ایکٹ سے نوجوانوںکو آن جاب ٹریننگ کی سہولت ملے گی۔ پنجاب حکومت نے پاکستان کی پہلی سکل پالیسی تیار کرلی ہے۔ سکل پالیسی کومنظوری کیلئے جلد کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ ٹیوٹا کو ماضی کی حکومتوں نے نظرانداز کیا۔ موجودہ حکومت نے ٹیوٹا کے پروگراموں کے لئے تین ارب روپے کا بجٹ دیا۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بنائی ہیں۔ سیالکوٹ میں17ارب روپے کی لاگت سے عالمی معیار کی انجینئرنگ یونیورسٹی بنائیںگے۔ پنجاب حکومت ٹیوٹا کے اداروں کو پورا سپورٹ کرے گی۔ نوجوانوںکو بااختیار بنانے کے لئے عملی طورپر اقدامات کیے ہیں ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے ہنر مند نوجوان پروگرام کے تحت ٹیوٹا کے کامیاب گریجوایٹس نے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں۔ نوجوانوں کوہنر مند بنا کر ملک و قوم کی تقدیر بدلیںگے۔ معیاری فنی تعلیم کو فروغ دے کرملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کریںگے۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، محکمہ جنگلات کی کارکردگی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آزاد کشمیر الیکشن میں تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر عمران خان کو مبارکباد دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج مخالف جماعتوں کے لئے نوشتہ دیوار ہے۔ نتائج نے ثابت کر دیا کہ پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت ہے۔ ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ موجودہ حکومت نے جنگلات کے حوالے سے پروٹیکٹڈ ایریا ایکٹ اور فاریسٹ پالیسی منظور کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس مون سون سیزن میں 6 کروڑ اور رواں سال 12کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔