غزہ میں اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ سب کیلئے خطرے کی گھنٹی:شاہ عبداللہ
واشنگٹن (صباح نیوز)اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے کہا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ جنگ سب کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ا نہوں نے غیرملکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ غزہ جنگ نے اسرائیلی ریاست کو اندر سے کھوکھلا ثابت کیا اور 1948 کے بعد پہلی بار کسی جنگ میں ایسے لگا کہ اسرائیل کے اندر خانہ جنگی شروع ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کی ہے مگر حالیہ جنگ نے اسے اندر سے کھوکھلا ثابت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب کہیں جنگ ہوتی ہے تو دونوں طرف جانی نقصان یقینی ہے اور جنگ کے تمام فریقوں کو المیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 1948 کے بعد اسرائیل کے اندر پہلی بار خانہ جنگ کی کیفیت دیکھی گئی، جس سے ظاہرہوتا ہے کہ خود اسرائیلی عوام بھی اس جنگ کے حق میں نہیں تھے۔ یہ خانہ جنگی ہم سب کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔انٹرویو میں اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ نے اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ سے ملاقات کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس ملاقات کے بعد مجھے آگے بڑھنے کا مزید حوصلہ ملا ہے۔