منشیات سمگلرقومی سلامتی کیلئے خطرہ، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے: جنرل باجوہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) جنوبی افریقہ نیشنل ڈیفنس فورسز کے سربراہ جنرل روڈزینی میپھوانیا نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی‘ تربیتی اور سکیورٹی تعاون کے امور پر بات چیت کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کو براعظم افریقہ کے اہم ملک کے طور پر اس کے ساتھ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے۔ ہم جنوبی افریقہ کے علاقائی امن‘ افریقی ریجن کی ترقی اور سکیورٹی میں کردار کو سراہتے ہیں۔ جنوبی افریقہ نیشنل ڈیفنس فورسز کے سربراہ جنرل روڈزینی میپھوانیا نے کہا کہ افغان امن کے عمل سمیت علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل روڈزینی میپھوانیا نے ملاقات میں تمام سطحوں پر دوطرفہ تعلقات کو مذید بہتر بنانے کے لئے کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ دریں اثنا پاکستان کے دورے پر آئے جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ جنرل روڈزینی میپھوانیا نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعاون، سلامتی اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی افواج کے مابین انگیجمینٹ کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور ان تعلقات میں مزید گہرائی لانے کے عزم کی توثیق کی۔ معزز مہمان نے پاکستان آرمڈ فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر جنوبی افریقی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ کو ’گارڈ آف آنر‘ پیش کیا گیا۔