نیویارک اپارٹمنٹ کیس: زرداری کی عبوری ضمانت میں 24 اگست تک توسیع
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نیویارک اپارٹمنٹ انکوائری کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے نیب کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ اب تک نہ کہیں ہمیں بتائیں گرفتار کرنا ہے یا نہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آج آپ کہتے ہیں کہ وارنٹ جاری نہیں اور صبح گرفتار کرتے ہیں۔ کیس کی سماعت 24 اگست تک سماعت ملتوی کردی۔ جبکہ احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے آصف زرداری کی مبینہ فرنٹ کمپنی پارک لین کو زمین الاٹمنٹ کیس میں گرفتار سابق چیئرمین سی ڈی اے فرخند اقبال کو 6روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالہ کردیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب نے گرفتار فرخند اقبال کو عدالت پیش کرنے ہوئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ دوسری جانب احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت آصف علی زرداری اور فریال تالپور وغیرہ کے خلاف میگا منی لانڈرنگ کیس میں وکلاء کی ہڑتال کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔ عدالت نے سماعت18اگست تک کیلئے ملتوی کردی۔