• news

نوری آباد پلانٹ ریفرنس: 3 ملزم غیرحاضر، مراد شاہ دیگر پر فرد جرم نہ لگ سکی

 اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت میں زیر سماعت وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ وغیرہ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں ملزموں کی حاضری مکمل نہ ہونے پر فردجرم کی کارروائی موخر کردی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عدالت پیش ہوئے۔ دو شریک ملزموں کی طرف سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ نیاز علی شیخ اور شریک ملزم خالد کی اہلیہ اور بیٹا کرونا سے متاثر ہیں۔ ان کی میڈیکل رپورٹ بھی جمع کرا دی گئی ہیں۔ عدالت نے کہا سارے ملزم آجاتے تو فرد جرم عائد کرتے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ملزم پیش نہ ہوا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔ وکیل نے کہا کہ پندرہ دن بعد کی تاریخ دے دیں کیونکہ کوویڈ کے مریض کی ریکوری میں اتنے دن لگ جاتے ہیں۔ عدالت نے سماعت 6 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن