سیالکوٹ: پی پی 38، پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی نشست چھین لی، احسن سلیم بر یار کامیاب
سیالکوٹ/ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کی نشست چھین لی۔ غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 38میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چودھری احسن سلیم بریار نے 60588 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار و ضلعی صدر چودھری طارق سبحانی 53471 ووٹ حاصل کر سکے۔ صوبائی اسمبلی کے اس حلقہ میں ٹوٹل 8امیدواروں نے حصہ لیا تھا جن میں ٹی ایل پی کے نامزد امیدوار ملک فہیم مشتاق، نجم الحسن، عقیل قیصر و دیگر شامل ہیں۔ کامیابی کی اطلاع ملنے پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں ،عہدیداران اور ووٹرز نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان فوری مرکزی الیکشن ہال کمانوالہ اور چائنہ چوک میں جمع ہو گئے۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، سینیٹر اعجاز چودھری، میر عمر فاروق مائیر سمیت ضلعی قیادت بھی مرکزی الیکشن ہال کمانوالہ میں موجود تھی۔ یاد رہے کہ یہ سیٹ سابق صوبائی وزیر و مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی چودھری خوش اختر سبحانی کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ضمنی انتخابات بارش کی وجہ الیکشن کمیشن کے عملہ اور ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا رہا۔ متعدد پولنگ سٹیشن پانی میںڈوب گئے۔ متعدد پولنگ سٹیشنوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث عملہ بالٹیوں کے ذریعے پانی باہر نکالتا رہا۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز کی سہولت کے لیے گاڑیاں فراہم کی گئی تھیں تاکہ ووٹرز اپنا حق رائے دہی احسن طریقہ سے سرانجام دے سکیں۔ سیالکوٹ ضمنی الیکشن کے موقع پر پولیس اور رینجرز نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ پنجاب پولیس کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے3ہزار اہلکاران جبکہ رینجرز کے2500اہلکاران تعینات تھے ۔ تاہم متعدد پولنگ سٹیشنوں پر معمولی نوعیت کے لڑائی جھگڑے کے کیس سامنے آئے۔ حلقہ پی پی 38کے دیہات وریو، گڑھی، چھچھروالی، ڈھڈیانوالی اور دیگر علاقوں میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے مابین لڑائی جھگڑے کے واقعات رونما ہوئے جس میں رینجرز اور پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے حالات کو پر امن بنایا۔ پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے کر مقدمات درج کر لئے۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ پولیس نے دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے اور اسلحہ کی نمائش کرنے کی پاداش میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف بیان دینے والوں کو اپنے ڈرائنگ روم میں بٹھانے والوں کو سیالکوٹ نے بھی مسترد کر دیا۔ رہنما پی ٹی آئی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو شکست تسلیم کرنی چاہئے وقت آ گیا ہے کہ ہر نتیجے کو متنازعہ نہ کیا جائے۔