6شہروں کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، ایمانداری کی سیاست جیت گئی: عثمان بزدار
لاہور‘ ساہیوال‘ اوکاڑہ‘ رینالہ خورد‘ کسووال (نیوز رپورٹر‘ نمائندگان‘ نامہ نگاران) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے براستہ سڑک ملتان جاتے ہوئے 8گھنٹوں میں 6 شہروں کے طوفانی دورے کئے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ستگھرہ، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں اور خانیوال کے دورے کئے۔ شہروں کی صورتحال کا جائزہ لے کر انتظامیہ کو صفائی، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور کے بارے میں مو قع پر ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اوکاڑہ کے نواح میں ستگھرہ پہنچے اور میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میر چاکر اعظم رند کے مقبرے کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے میر چاکر اعظم رند کے مقبرے پر چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کے استحکام، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے میرچاکر اعظم رند کے مقبرے کو بحال کرکے بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کو خیرسگالی کا پیغام دیا ہے۔ ہم دلوں کو جوڑ رہے ہیں اور اس اقدام سے بین الصوبائی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔ فنکاروں نے روایتی بلوچی رقص پیش کیا۔ بعدازاں وزیراعلی عثمان بزدار نے اوکاڑہ میں صفائی کے انتظامات اور دیگرسہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے صفائی کے اچھے انتظامات پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ علی اعجاز کی کاکردگی کی تعریف کی۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ اوکاڑہ شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سول ریسٹ ہاؤس اوکاڑہ پہنچے اورلان میں ’’سلور اوک پام‘‘ کا پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تحریک انصاف اوکاڑہ کے ٹکٹ ہولڈرز نے عوامی مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے عوامی مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ یکساں ترقی کے ویژن کے تحت اوکاڑہ سمیت ہر شہر کو ترقی کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔ سردار عثمان بزدار اوکاڑہ کے بعد ساہیوال پہنچے۔ وزیراعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے لئے پولیس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں شفافیت کے ساتھ مکمل کئے جائیں ۔ عثمان بزدار نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی اور دیگر امور کا جائزہ لیا اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتربنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ساہیوال شہر کی سڑکوں کی تعمیرومرمت جلد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ساہیوال اور دیگر شہروں کے عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان جاتے ہوئے اچانک چیچہ وطنی شہر کا رخ کر لیا اور چیچہ وطنی میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہم ہو گئے۔ انہوں نے چیچہ وطنی شہر میں سڑکوں کی خراب صورتحال پر بھی اظہار برہمی کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کے بعض علاقو ں میں پانی دیکھ کر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے حکم پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کی آمد پر پانی کا چھڑکاو ٔ’’آئی واش‘‘ (بصری دھوکا) ہے ۔ ڈرامے ماضی میں چلتے تھے، ایسے ڈرامے برادشت کرتا ہوں نہ کروں گا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان جاتے ہوئے میاں چنوں شہر کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ اور شہری سہولتوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے صفائی کی تسلی بخش صورتحال پر انتظامیہ کو شاباش دی۔ وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے خانیوال میں پیپلز کالونی اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور خانیوال شہر میں صفائی کی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں جا کر صفائی اور دیگر امور کا خود جائزہ لوں گا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس خانیوال پہنچے اور لان میں پودا لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔ پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنان سے ملاقات بھی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کو سراہا اور کہا کہ ائیر فورس کے شاہین قوم کے ہیرو ہیں۔ دشمن نے جب بھی ملک پر میلی نظر ڈالی تو پاک فضائیہ کے بہادروں نے منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی میں شدید بارش اور نالہ لئی میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے نشیبی علاقوں سے فوری پانی نکالنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نکاسی آب کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔ نکاسی آب کی سرگرمیوں میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ستگھرہ میں قتل کئے جانے والے شخص کے لواحقین کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دوران سرو س انتقال کرنے والے سرکاری ملازمین کے لواحقین کو ملازمتیں دینے میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ایسے معاملات میں تاخیرکسی صورت قابل قبول نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیر التواء کیسوں کو جلد نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قواعدوضوابط کے تحت زیر التواء کیسوں کو ایک ماہ کے اندر نمٹایا جائے۔ رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لیہ کے علاقے جمن شاہ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی ٹی آئی امیدوار احسن سلیم بریار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹروں نے عوامی خدمت‘ ایمانداری اور اعتماد کی سیاست کو کامیابی دلائی ہے۔ انہوں نے پی پی 38 سیالکوٹ کے ووٹروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک میں ایمانداری اور اعتماد کی سیاست پروان چڑھے گی۔ عوام نے مخالف پارٹی کے منفی بیانیئے کو مسترد کر دیا ہے اور نتیجہ ثابت کرتا ہے کہ ووٹرز نے عوام دوست حکومتی ایجنڈے کو فتح یاب کر کے بدعنوانوں کی منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ تبدیلی کے ایجنڈے کی بھی فتح ہے۔