• news

صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 5 سکیموں کیلئے 9 ارب  14 کروڑ کی منظوری دیدی 

 لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2021-22ء کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے تیسرے اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 5 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 9 ارب 14کروڑ 93 لاکھ 76 ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنمبل نے کی جن سکیموں کی منظوری دی گئی۔ ان میں ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ جیل کی تعمیر کیلئے 1 ارب 32 کروڑ 42 لاکھ 95 ہزار روپے، جھنگ میں ٹنل بورنگ مشین کے ذریعے سیوریج کے نظام کی بحالی کی فزیبلٹی سٹڈی کیلئے 3 کروڑ روپے، راولپنڈی میں کہوٹہ پنجرآزاد پتاں روڈ کی تعمیر و مرمت، کشادگی و بحالی (لمبائی 31 کلومیٹر) (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 11 کروڑ 58 لاکھ 16 ہزار روپے، ضلع گجرات میں گجرات اور سیالکوٹ شہروں کو آپس میں ملانے کے سلسلہ میں شہباز پور کے مقام پر دریائے چناب کے اوپر پل کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 5 ارب 43 کروڑ 37 لاکھ 60 ہزار روپے اور ضلع رحیم یار خان میں شاہی روڈ تا چوک بہادر پور روڈ کو دو رویہ کرنے (لمبائی 10.50کلومیٹر) (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 24 کروڑ 55 لاکھ 5 ہزار روپے شامل ہیں۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ، متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسر اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران سمیت سینئر چیف کوآرڈینیشن، اسسٹنٹ چیف کوآرڈینیشن نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن