آزاد کشمیر الیکشن، مسلم لیگ ن کے اجلاس میں تحریک چلانے کی قرارداد منظور
اسلام آباد (آ ئی این پی) مسلم لیگ (ن) نے 25 جولائی کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے آزادکشمیر، پاکستان بھر اور بیرون ممالک میں بھی بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عمران خان نے ذاتی طورپر آزادکشمیر کے انتخابات میں مداخلت کی ہے۔ اس کی ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور دھاندلی کے شواہد کو میڈیا کے سامنے لانے کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی جائیگی۔ الیکشن کمیشن آزادکشمیر کی ناقص کارکردگی اور انتظامی کمزوری کی بھرپور مذمت کی گئی۔ یہ فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے جماعتی ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ (ن) راجہ محمد فاروق حیدر خان، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال سمیت تمام جماعتی ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ متفقہ طور پر قرارداد کے مطابق آزاد جموں وکشمیر کے حالیہ انتخابات نتائج کو وفاقی حکومت کی جانب سے کھلی مداخلت کی بنا پر مسترد کرتے قرار دیا کہ جس جماعت نے پانچ لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرنے کے باوجود صرف 6نشستیں حاصل کیں۔ اکثر عہدیداروں کو انتخابی انجینئرنگ کے ذریعے ہرایا گیا۔ جس سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک متاثر ہوئی ہے اور قومی و بین الاقوامی طور پر مسئلہ کشمیرکمزرو ہوا ہے اور اس پر پاکستان کے موقف کو نقصان پہنچا۔ دھاندلی کے خلاف مسلم لیگ (ن) پوری قوت سے تحریک چلائے گی۔ عوام کے تعاون سے قومی /بین الاقوامی سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی تاوقتیکہ کشمیری عوام کو شفاف و غیر جانبدار انتخابات کا موقع نہیں دیا جاتا۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکن ان انتخابات کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر کو پہنچنے والے نقصانات کے باوجود اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ایسی سازشوں کے خلاف ہم دیوار بن کر مقابلہ کریں گے اور مسئلہ کشمیر کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے بدترین دھاندلی کا مقابلہ کیا۔ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔ اس پر چپ کسی صورت نہیں بیٹھیں گے۔ آزادکشمیر کی قیادت کے ساتھ ملکر لائحہ عمل طے کرینگے۔ جن لوگوں نے جماعتی ٹکٹ ہولڈرز کی خلاف ورزی کی انہیں کسی صورت واپس نہیں لیں گے۔ جن لوگوں نے وفاداری نبھائی وہ ہمارا اثاثہ ہیں۔ فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا موازنہ 73 سالوں کی کسی بھی حکومت سے کر کے دیکھ لیں ہم نے تاریخ ساز کامیابیاں حاصل کیں، خزانہ آج بھرا ہوا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے تمام تر دبائو دھونس دھاندلی کے باجود ڈٹ کر مقابلہ کیا۔