افغان صورتحال، سندھ ایپکس کمیٹی میں سکیورٹی سخت کرنیکا فیصلہ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے 26 ویں اجلاس میں افغان صورتحال کے باعث سندھ بھر میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اداروں کو تمام کالعدم اور فرقہ وارانہ تنظیموں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر فرقہ وارانہ نفرتوں کو بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ جبکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد اور دیگر مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔ اجلاس میں کور کمانڈر کراچی، چیف سیکرٹری، وزیر بلدیات ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ و دیگر نے شرکت کی۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق سٹریٹ کرائمز ٹرائل کورٹ کیلئے جج کی تقرری کی جائے گی جبکہ ہر ضلع کے سٹریٹ کرائم کے کیسز الگ سے سنے جائیں گے۔ دوسری طرف وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اگلے چند مہینے اہم ہیں جس میں محرم الحرام اور پھر ربیع الاول آئے گا۔ اس سال بھی لوگ زیارتوں پر نہیں جاسکیں گے۔ مراد علی شاہ نے مختلف مکتبہ فکر کے علما کرام سے سے ملاقات کی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ حکومت ہر طرح سے سکیورٹی اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی۔ اس سال بھی کرونا کی لہر خطرناک ہے۔ کراچی کرونا سے شدید متاثر ہے۔ کچھ سخت اقدامات کرنے جارہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ افغانستان کے حالات کی وجہ سے بھی مزید سخت اقدامات کرنے پڑیں گے۔ جو بات طے ہو جائے اس پر من وعن عمل کرنا سب پر لازمی ہوگا۔ جو روٹس تعین کیے گئے ہیں ان تک محدود رہنا ہوگا۔ علماء کرام نے وزیراعلی سندھ کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ علما کرام نے کہا کہ محرم الحرام میں حکومت کے بنائے ہوئے ضابطہ اخلاق پر عمل ہوگا۔ کرونا ایس او پیز پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا۔