ٹوکیو اولمپکس: مزید 3کھلاڑی کرونا کا شکار‘متاثرین کی تعداد 193ہو گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) ٹوکیو اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز گیمز سے متعلقہ 24 افراد کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جن میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے تین اتھلیٹس بھی شامل ہیں۔اولمپکس انتظامی کمیٹی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد میں حکام اور ٹھیکے پر آنے والے 15 کارکن بھی شامل ہیں۔کمیٹی بیان کے مطابق کرونا مثبت کھلاڑیوں کو اتھلیٹس ولیج میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ دیگر افراد کو مختلف مقامات پر قرنطینہ کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یکم جولائی کے بعد سے کرونا متاثرین سامنے آ رہے ہیں، تاہم اولمپکس سے متعلق کرونا متاثرہ افراد میں جمعرات کی یہ تعداد سب سے زیادہ ہے، جبکہ اولمپکس گیمز سے متعلقہ وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 193 ہو گئی ہے۔جن اتھلیٹس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے پول والٹ کے ڈبل ورلڈ چیمپئن سام کینڈریکس اور ان کا حریف ارجینٹینا کا کھلاڑی شیارا ویگلیو بھی شامل ہیں۔