افغان افواج کی کارروائیاں،100 عسکریت پسند ہلاک،90 زخمی
کابل(شِنہوا)افغانستان میں سرکاری سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 100 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور تقریبا 90 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ مغربی صوبہ ہرات میں افغان سکیورٹی فورسز کی جانب سے مقامی عوامی مزاحمتی فورسز کی مدد سے صوبائی دارالحکومت ہرات شہر کے مضافات اور ہمسایہ مضافاتی اضلاع گذرہ ، کرخ اور سیاوشان پر طالبان کا حملہ پسپا کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 52 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور 47 زخمی ہو گئے ہیں۔ علاوہ ازیں افغان وزارت دفاع نے جمعہ کے روز اس سے قبل بتایا کہ ہرات کے ضلع غوریان میں افغان فضائیہ کی جانب سے طالبان کے ٹھکانے پر حملے کے نتیجے میں 13 عسکریت پسند ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ فوج کی 215 میوند کور نے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی صوبہ ہلمند میں صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ شہر کے جنوبی مضافات میں طالبان عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانے کے دوران افغان فضائیہ کے ایم ڈی۔ 530 گن شپ ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔وزارت دفاع کے مطابق ہمسایہ صوبہ قندھار کے ضلع ڑری میں طالبان کے اجتماع پر افغان جنگی طیاروں کے حملے میں 36 عسکریت پسند ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔ادھرصوبے زابل کے شہر قلات میں مارٹر گولہ گھر پر گرنے کے نتیجے میں5 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 3 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ 12 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔