امید ہے پاکستان پر امن افغانستان کیلئے کردار ادا کریگا، امریکی وزیرخارجہ
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے افغانستان میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو امید ہے کہ اسلام آباد پر امن افغانستان کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ دنوں بھارت کا پہلا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے نریندر مودی، جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے ملاقاتیں کیں۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انتھونی بلنکن نے افغانستان میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہمیں یقین ہے کہ پاکستان طالبان پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ طالبان ملک پر طاقت کے ذریعے قابض نہ ہوں اور پاکستان کا اثر و رسوخ ہے اور اس نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ اس سے قبل بھارتی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس میں بلنکن کا افغانستان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ امریکا افغان سکیورٹی فورسز اور کابل حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔ ہم ان علاقوں میں طالبان کی جانب سے کیے گئے مظالم کی ان خبروں کو بھی دیکھ رہے ہیں جو کہ گہری تشویش کا باعث ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کی افغانستان میں بڑھتی ہوئی دلچسپی ’ایک مثبت چیز‘ ثابت ہوسکتی ہے۔ اگر بیجنگ افغان تنازع کے پرامن حل اور وہاں حقیقی نمائندگی والی حکومت چاہتے ہیں تو امریکا چین کے کردار کا خیرمقدم کرے گا۔ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات غیرمعینہ مدت کے لیے جاری نہیں رہ سکتے۔ البتہ امریکا مذاکرات کو جاری رکھنے کے لیے مکمل طور پرتیار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹونی بلینکن نے کویت کے دورے کے موقع پر کہا کہ ہم سفارت کاری کے لیے پرعزم ہیں لیکن یہ عمل غیرمعینہ عرصے کے لیے جاری نہیں رہ سکتا۔ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ایران کیا کرنے کو تیار ہے اور کیا نہیں کرنا چاہتا ہے۔ ہم ویانا جانے اور مذاکرات کو جاری رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔