• news

فرائض سے غفلت پر 2 افسر فارغ، کوتاہی برداشت نہیں کروں گا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ  عثمان بزدار نے دورہ ملتان کے دوران فرائض سے غفلت برتنے اور عوام کی شکایات پر 2 افسروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انہیں عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔  ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا محمد علی عباس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود کو ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایڈیشنل ایس پی کینٹ ڈویژن ملتان کامران عامر خان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کام نہ کرنے والے افسروں کے لئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کے مسائل میں غفلت پر کسی سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ ملتان کے دورہ کے دوران فرائض سے غفلت اور عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیا۔  افسر عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ عوام کی خدمت کرنے والے افسروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے۔کام نہ کرنے والے افسر اپنا قبلہ درست کرلیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدارنے مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو 24/7 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ  کی خصوصی ہدایت پر حکومت نے اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے شہروں کی انتظامیہ کو ہرممکن وسائل فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ محکموں اور اداروں کو  ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیراعلیٰ  کی زیرصدارت  اجلاس  میں صوبے میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مون سون سیزن کے دوران اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور کی طرز پر فیصل آباد اور دیگر بڑے شہروں میں بھی انڈرگرائونڈ واٹر ٹینکس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمشنرز واسا حکام کے ساتھ مل کر انڈر گرائونڈ واٹر ٹینکس بنانے کا پلان تیار کریں۔ نکاسی آب کیلئے وضع کردہ پلان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ بارشی پانی کا مقرر کردہ وقت کے اندر نکاس ضروری ہے۔ نکاسی آب کو تعین شدہ وقت میں یقینی نہ بنانے پر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام سے بازپرس ہوگی۔ بارش کے باعث شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔ اجلاس میں خوشاب کے ہل ٹورنٹس کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے ڈیم بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کوہ سلیمان کے علاقے سوڑا میں ڈیم کے منصوبے کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ سوڑا ڈیم بننے سے ہل ٹورنٹس کے پانی کو محفوظ کیا جا سکے گا اور علاقے کے لوگو ںکو کاشتکاری کیلئے بھی پانی میسر ہوگا۔ٰ عثمان بزدا ر نے کوہ سلیمان کے علاقے میں مزید 4 ڈیم تعمیر کرنے کی سٹڈی کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔  علاوہ ازیں وزیراعلیٍٰ نے چنیوٹ کے قریب دریائے چناب میں کشتی الٹنے سے قیمتی انسانوں جانوں کے ضیاع پر دکھ اور   افسوس کا اظہار کیا ہے۔   عمثان بزدار نے وہاڑی کے نواحی گاؤں کی آنکھ کے کینسر میں مبتلا طالبہ فریدہ سے متعلق خبر کا نوٹس لیتے ہوئے علاج  معالجے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بچی کو ڈسٹرکٹ ہینڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں داخل کرایا دیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن