پشاور، پولیس وین پر دستی بم حملہ، اہلکار شہید، راہگیر زخمی
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے کارخانو مارکیٹ میں پولیس موبائل وین پر دستی بم حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ راہگیر شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نامعلوم ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران، اہلکار اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔ جمعہ کے روز حیات آباد پولیس کی موبائل وین کارخانو مارکیٹ میں موجود تھی اس دوران نامعلوم افراد نے موبائل پر دستی بم سے حملہ کردیا۔ جس کے نتیجہ میں اہلکار کانسٹیبل بنیامین ولد درویش اور ایک راہگیر شخص شدید زخمی ہوگیا۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کانسٹیبل بن یامین جان کی بازی ہارگیا جبکہ دوسرے زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ آر آر ایف اہلکار بن یامین کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی۔ چیف سیکرٹری کاظم نیاز، آئی جی پی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری، سی سی پی او عباس احسن، ایس ایس پی آپریشنز یاسر آفریدی سمیت پولیس افسران اور پاک فوج کے اعلی حکام نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔