شادی کے دوسرے دن الگ ہونیوالی خاتون کو ماہانہ خرچ دینے کا حکم
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے شادی کے دوسرے روز ہی گھر چھوڑنے والی خاتون کو شادی کے دن سے لیکر فیملی کورٹ کے فیصلے کے دن تک ماہانہ 25 ہزار روپے خرچ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ محمڈن لا کا سیکشن 277 کے مطابق شوہر وفادار اور تابعدار بیوی کو خرچ دینے کا پابند ہے، اگر شوہر بیوی کے ساتھ برا رویہ اختیار کرے اور حق مہر ادا نہ کرے تو وہ الگ ہوسکتی ہے۔ درخواست گزار یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ بیوی نے کوئی نافرمانی کی ہو، عدالت نے خاتون کو 15 لاکھ 5 ہزار کیش اور چار تولہ سونا بطور حق مہر ادا نہ کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ شہری مجاہد کامران نے ٹرائل کورٹ کے مختلف فیصلوں کے خلاف رجوع کیا تھا۔