مہنگی ترین ایل این جی خریدنے کی تحقیقات ہونی چاہیے: شہباز شریف
لاہور(این این آئی) شہبازشریف نے تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدنے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے مہنگی ترین ایل این جی خریدنے کی عالمی میڈیا کی تصدیق سے اپوزیشن کا موقف سچ ثابت ہوگیا،اس حقیقت کے سامنے آنے سے ثابت ہوگیا کہ حکومت قوم سے مسلسل غلط بیانی کرتی رہی ، مسلم لیگ (ن)نے جو ایل این جی 8 ڈالر میں خریدی، پی ٹی آئی 15 ڈالر ایم ایم بی ٹی یوپر خرید رہی ہے ۔ ایل این جی کا ایک جہاز منگوانے پرحکومت 22.5 ملین ڈالر اضافی ادا کررہی ہے۔ چار جہازوں کی آمد پر 95 ملین ڈالر اضافی ادا کرنے پڑیں گے ۔کرونا کی شدت کے دوران سستے ایل این جی معاہدے دستیاب تھے لیکن پی ٹی آئی نے دانستہ تاخیر کی ، مسلم لیگ (ن)نے کرونا کی شدت کے دوران سستی ایل این جی خریدنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ستمبر2021 میں11 ایل این جی جہازوں پر387 ملین امریکی ڈالر حکومت ادا کرے گی ۔ٹرافیگورا کمپنی نے تحریری طورپر سستی ایل این جی کی پیشکش کی تھی جسے حکومت نے قبول نہ کیا ،اس وقت تین سال کا معاہدہ کرلیاجاتا تو 4 ڈالر پر ایل این جی دستیاب ہوتی ،پی ٹی آئی نے 4 ڈالر کا معاہدہ نہ کیا،آج 15 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سے زائد پر ایل این جی خریدرہی ہے ، سستی ایل این جی کا معاہدہ کیاہوتا تو پاکستان کو35.2 ملین ڈالر ہر جہاز پے بچت ہوتی ،سستی ایل این جی کا معاہدہ کرلیاجاتا تو اب تک ملک میں 12 کارگوز درآمد ہوتے ،ان 12 کارگوز پر پاکستان کو 422.4 ملین ڈالر کی مجموعی بچت ہوتی، ملک اور عوام کا بھلا ہوتا ،ہماری تجویز مان لی جاتی تو ملک میں آج گیس اور بجلی کا بحران نہ ہوتا، قوم کو سستی گیس ملتی ،یہ نااہلی نہیں بلکہ دولت کمانے کی ہوس کا نتیجہ ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئے ،سستی ایل این جی خریدنے والے جیلوں اور مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی خریدنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ۔