فرحان شہزاد وائس چیئرمین پنجاب بار افضل دھرالہ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی منتخب
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے ) فرحان شہزاد پنجاب بار کونسل کے وائس چیئر مین اورافضل دھرالہ چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی منتخب کرلئے گئے۔ بار کونسل میں جنرل ہائوس کا اجلاس ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آصف محمود چیمہ کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں پنجاب بار کونسل کے ممبران نے بھر پور شرکت کی۔ جنرل ہائوس کے اجلاس میں وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف امور پر ایجنڈا پیش کیا گیا جس میں سب سے پہلے وائس چیئر مین اور چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخاب کا تھا جس پر فرحان شہزاد کو وائس چیئر مین پنجاب بار کونسل اور حاجی افضل دھرالہ کو چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی منتخب کر لیا گیا۔ منتخب ہونے پر وائس چیئر مین پنجاب بار کونسل فرحان شہزاد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عہدے کی ذمہ داری تمام وکلاء کو ساتھ لے کر پوری کروں گا۔ ہر دوسرے ہفتے جنرل ہائوس کا اجلاس طلب کروں گا اور وکلاء کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔ نو منتخب چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی افضل دھرالہ نے کہا کہ میں تمام وکلاء برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پنجاب بار کونسل کے جنرل ہاؤس اجلاس میں وکلاء کو درپیش مسائل کا جائزہ بھی لیا گیا۔ نئی قیادت کے انتخاب کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ ممبران نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے نو منتخب عہدیداروں سے مختلف معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جس میں فیصل آباد میں ہونے والے واقعہ وکیل اور سول جج کے جھگڑے کے حوالے سے تھا۔