• news

نذیر چوہان نے معافی مانگ لی، پی آئی سی داخل، شہزاد اکبر کا رابطہ

لاہور (سٹی رپورٹر + اپنے نامہ نگار سے) وزیراعظم کے خصوصی معاون شہزاد اکبر نے ہسپتال میں نذیر چوہان سے رابطہ کیا۔ جس میں صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن نے اہم کردار ادا کیا۔ شہزاد اکبر نے اپنے عقائد کے حوالے سے واضح کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نذیر چوہان نے پی آئی سی سے جاری ہونیوالے اپنے وڈیو پیغام میں کیا۔ نذیر چوپان کا ویڈیو بیان میں کہا کہ شہزاد اکبر کے حوالے سے جو غلط فہمی تھی وہ دور ہو گئی۔ اگر میری کسی بات سے شہزاد اکبر کا دل دکھا ہے تو معذرت خواہ ہوں۔ قبل ازیں نذیر چوہان کو دل کی تکلیف کے باعث پی آئی سی منتقل کر دیا گیا تھا۔ نذیر چوہان نے سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر دی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج راشد پھلروان نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے سے 2 اگست کو جواب طلب کر لیا۔ دوسری جانب مقامی عدالت نے نذیر چوہان کیس کے شریک ملزم جاوید کے خلاف دو روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ علاوہ ازیں مقامی عدالت نے نذیر چوہان کی سائبر کرائم کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے ملزم کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔ لاہور سے سٹی رپورٹر کے مطابق نذیر چوہان کو دل کی تکلیف کی شکایت ہونے پر پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا۔ پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نذیر چوہان کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد نذیر چوہان کو پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کر لیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن