• news

 ایف بی آر کا جولائی میں ریکارڈ ریونیوحکومتی پالیسیوں کا مظہر: عمران

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے ماہ جولائی میں ریکارڈ ٹیکس وصولیوں پر ایف بی آر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وصولیاں مستقل معاشی احیا ء و افزائش کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کی مظہرہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایف بی آر کا جولائی میں ریکارڈ ریونیوکلیکشن قابل تعریف ہے، ایف بی آرنے جولائی میں 413 ارب کی ریکارڈ وصولیاں کیں جو تاریخی اعتبارسے ماہِ جولائی میں جمع کی جانے والی سب سے بڑی رقم اوراس مہینے کے ہدف سے تقریباً 22 فیصدزیادہ ہے، یہ وصولیاں مستقل معاشی احیا ء و افزائش کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کی مظہر ہیں۔ دریں اثناء فیڈرل بور ڈ آف ریونیو نے  مالی سال 2021- 22 کے پہلے ماہ  جولائی میں  حاصل کردہ محصولات کی ابتدائی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق ایف بی آر نے413  ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا ہے جو کہ اس عرصہ کے مقر ر کردہ ہدف342  ارب روپے سے71 ارب زائد ہے۔ اس طرح پچھلے سال اس عرصہ کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو303ارب روپے کے مقابلے میں36فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔ آخری دن کے اختتام تک اور بک ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حاصل ہونے والی وصولیوں کے بعدمحصولات کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ یہ وصولیاں جولائی کے ماہ میں ہونے والی وصولیوں میں سب سے زیادہ ہیں۔بہترین ریونیو حصول حکومت کی  معاشی بحا لی کے سلسلے میں تسلسل سے کی جانے والی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن