• news

مودی نے کرکٹ کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھادیا: پاکستان

لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگار + نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز نے کشمیر پریمیئر لیگ کھیلنے سے روکنے کیلئے بھارت سے ملنے کا انکشاف کیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں ہرشل گبز نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ مجھے دھمکی دے رہا ہے، بی سی سی آئی غیر ضروری طور پرپاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لارہا ہے۔ہرشل گبز نے کہا کہ مجھے کے پی ایل ٹی ٹونٹی میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے اور دھمکی دی جارہی ہے کہ بھارت میں انٹری کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے کہاکہ پلیئرز ایجنٹ سے اطلاعات ملی ہیں کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں، بی سی سی آئی کے ہتھکنڈوں سے نمٹ لیں گے۔جبکہ اس پر اپنے ردعمل میں پاکستان نے کشمیر پریمیئر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت روکنے کی بھارتی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کرکٹ پربھارت کی سیاست کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کشمیری نوجوانوں کو ڈریسنگ روم میں بڑے ناموں کیساتھ بیٹھنے سے محروم کرنا افسوسناک ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ہرشل گبز کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلاموقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو، ہرشل گبز پرکشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کا دباؤ اس پرانی روش کا تسلسل ہے، ہم ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہی ہوگا۔دوسری طرف اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیر کمیٹی کے چیئر مین شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارت کشمیر پریمیئر لیگ کی کامیابی سے خائف ہے، کے پی ایل میں 6ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایونٹ کو عالمی سطح پر بے حد سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کاغیرملکی کھلاڑیوں کو کے پی ایل سے متنفر کرنا قابل مذمت ہے۔ بھارتی حکمران کشمیرپریمیئرلیگ سے خوفزدہ ہیں۔ بھارت کھلاڑیوں کو کے پی ایل میں شرکت سے روک رہا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کی طرف سے یورپی کمشن کے صدر اور نائب صدر کو لکھے گئے خط کا خیرمقدم کرتا ہے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہاکہ بھارت یاد رکھے کہ کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کے مطالبات سے وہ آنکھیں چرا نہیں سکتا۔ آخر کار بھارت کو عالمی ضمیر اور رائے عامہ کے آگے ہتھیار ڈالنا پڑیں گے اور غیرقانونی طور پر اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سلسلے کو ختم کرنا ہوگا جبکہ بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کے لئے اقدامات کرنے پڑیں گے۔اس مقصد کے حصول تک پاکستان اپنے جائز موقف پر ثابت قدم کشمیری بھائیوں بہنوں کے حقوق کے لئے پوری قوت سے آواز بلند کرتا رہے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان خبروں پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کے متعدد ممبران کو بلا کر انہیں اپنے ریٹائرڈ کرکٹرز کو کشمیر پریمیئر لیگ سے واپس لینے پر مجبور کیا ہے۔پی سی بی سمجھتا ہے کہ بی سی سی آئی نے ایک بار پھر نہ صرف آئی سی سی ممبران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی ہے بلکہ بی سی سی آئی کے رویے سے جنٹلمین کھیل کے سپرٹ کو نقصان پہنچا ہے جیساکہ پی سی بی کشمیر پریمیئر لیگ کی منظوری دے چکاہے۔ پی سی بی سمجھتا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کے متعدد ممبران کو وارننگ جاری کرتے ہوئے اپنے ریٹائرڈ کرکٹرز کو کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روک کر کھیل کو بدنام کیا ہے بلکہ بی سی سی آئی نے مزید دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان کو کرکٹ سے متعلق کام کے لیے بھارت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بی سی سی آئی کی جانب سے اس طرح کا طرز عمل مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، ایسے طرز عمل کو نہ تو برداشت کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔ پی سی بی اس معاملے کو آئی سی سی کے مناسب فورم پر اٹھائے گا بلکہ آئی سی سی چارٹر کے مطابق مزید کارروائی کا حق بھی محفوظ رکھتا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے اسیر رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ ہرشل گبز کے انکشافات نے بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کر دیا،بھارت کشمیر پریمیئر لیگ کو ناکام بنانا چاہتا ہے۔ کشمیر پریمیئر لیگ کیساتھ لفظ کشمیر جڑا ہے،بھارت لفظ کشمیر کو دنیا سے مٹانا چاہتا ہے۔ بھارتی انتہا پسند حکومت کھیل سے بھی خوفزدہ ہے،عالمی پلیئرز کو کشمیر پریمیئر لیگ میں بھرپور رول ادا کرنا چاہیے،آئی سی سی کو بھارتی اقدام کا نوٹس لینا چاہیے۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے کشمیر پریمئیر لیگ کے کھلاڑیوں پر دبائو ڈال کر اپنی مکروہ ذہنیت کا ثبوت دیا ہے۔ بھارتی دبائو مسترد کرنے والے کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن (رسجا) کے زیر اہتمام رسجا انٹر میڈیا آزادی کپ  ٹرافی کی تقریب رونمائی سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کرکٹ سیاست سے بالاتر کھیل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن