تعلیمی ادارے کھول کر طلبہ‘ والدین کی زندگیوں سے نہ کھیلیں: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، چیئرمین ایجوکیشن فاؤنڈیشن پنجاب سردار آفتاب اکبر ایم پی اے اور چیئرمین ملک عبدالمنان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر حلقہ این اے 65 اور پی پی 23 اور پی پی 24 کے مسائل کے حل کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کرونا کی نئی لہر لمحہ فکریہ ہے، تعلیمی ادارے کھول کر بچوں اور والدین کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، کرونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی چوتھی لہر بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے، ایسے میں تعلیمی اداروں کو کھول کر عوام کو اس میں مبتلا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے باعث پوری دنیا سمیت پاکستان کی معیشت تباہ حال ہے، ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے سب کو مل کر چلنا ہو گا۔ پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی سردار آفتاب اکبر نے چودھری پرویزالٰہی کے عزائم کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کی عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا، چودھری سالک حسین ایم این اے اور حافظ عمار یاسر کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے