• news

کرونا کیسزبڑھے تو سمارٹ لاک ڈائون لگا سکتے ہیں،عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت شہریوں کو کرونا کی چوتھی لہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ایس او پیز پر عمل کر کے شہری نہ صرف خود محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔ ویکسین لگوانا سب سے موثر ہے۔ کرونا کی چوتھی لہر کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خدانخواستہ مثبت کیسوں کی شرح میں مزید اضافہ ہوا تو ایک بار پھر سمارٹ لاک ڈاؤن کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے برقرار رکھیں۔ کرونا کی موجودہ صورتحال کے باعث شہریوں کو سنجیدگی دکھانا ہوگی۔ کرونا ویکسینیشن مہم میں حکومت کا ساتھ دیں۔ عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ اور صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض نے ملاقات کی۔ ریاض فتیانہ اورآشفہ ریاض نے پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر وزیر اعلی عثمان بزدار کو مبارکباد دی اور حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی عوامی خدمت کی سیاست کی جیت ہے۔ باتیں کم اور کام زیادہ کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔ تنقید برائے تنقید کرنے والوں کو عوامی خدمت کے ذریعے جواب دیتے رہیں گے۔ مخالفین اپنے 30 برس کا ہمارے تین برس کے دور سے موازنہ نہیں کر سکتے۔ عوام کی خدمت کا مشن جاری و ساری رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرونا کے حوالے سے مانیٹرنگ ٹیمیں بازاروں، مارکیٹوں او ردیگر مقامات کی تسلسل کے ساتھ چیکنگ کریں۔ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مناواں میں بھٹی میں گرنے سے مزدور کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلی نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق مزدور کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لودھراں کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن