پاکستان ویسٹ انڈیز چوتھا ٹی ٹونٹی کل ، بابر نے کوہلی کو پھر پچھاڑ دیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا چوتھا اور آخری کل تین اگست کو پرووی ڈنس میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 12اگست سے کنگسٹن میں شروع ہوگا۔ قومی ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے ۔ پاکستان سے جانے والے 11 ٹیسٹ کرکٹرز میں عابد علی، اظہرعلی، فواد عالم ، عمران بٹ، محمد عباس سمیت نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، شاہنواز دھانی، یاسر شاہ اور زاہد محمود شامل ہیں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کم ترین ٹی ٹونٹی اننگز میں 20 نصف سنچریاں سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ بابراعظم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں 40 گیندوں پر 51 رنز کی باری کھیلی ، یہ ان کے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 20 ویں نصف سنچری تھی جس کیساتھ ہی انہوں نے کم ترین اننگز میں 20 ٹی ٹونٹی نصف سنچریاں سکور کرنے کا ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔بابراعظم اب تک 59 ٹی ٹونٹی میچز کی 56 اننگز میں 46.89 کی اوسط سے 2204 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں ایک سنچری اور 20 نصف سنچریاں شامل ہیں ، انہوں نے یہ رنز 130.64 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں۔ ویرات کوہلی نے 65 ٹی ٹونٹی اننگز کھیل کر 20 نصف سنچریاں سکور کی تھی جبکہ بھارت ہی کے روہت شرما نے 88 اننگز کھیل کر اتنی نصف سنچریاں سکور کیں۔