عمران، بزدار کا ایک قوم ایک نصاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا: فردوس عاشق
سیالکوٹ(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کل سے صوبہ میں ایک نصاب کا نفاذ کرنے جا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کا ایک قوم ایک نصاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے قوم کو ایک سوچ کی مالا میں پرونے والا نصاب تیار کیا ہے۔ جدید طرز کا حامل قومی وحدت کا نصاب حقیقی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔ یکساں نصاب سے ملک کی تمام اکائیوں اور انکی سوچ کو جوڑنے جا رہے ہیں۔ یکساں نصاب کے نفاذ سے طبقاتی اور لسانی تقسیم کا خاتمہ ہوگا۔ انگلش اردو اور مدرسہ کے نصاب مختلف ہونے سے قوم منتشر تھی۔ کل سے یکساں نصاب کا اطلاق سے پی ٹی آئی کے ایک وعدہ کی تکمیل ہونے جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے رابطہ آفس کوبے چک سیالکوٹ میں منعقدہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ سندھ میں ہمارے مخالفین کی چیخیں بلند ہو رہی ہیں، پی پی کا بیانیہ جو سندھ سے آرہا ہے وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ پنجاب کا مزاج اور سوچ تبدیل ہو رہی ہے۔ تھانے اور کچہری کے ساتھ جڑے مافیا کے خاتمہ ہونے جارہا ہے۔ ابھی کامیابیوں کا آغاز ہے، پورے پنجاب کو پی ٹی آئی کے مضبوط نظریہ سے جڑنا ہے۔ تھانہ اور کچہریوں مخالفین کو کچلنے کی سوچ کا خاتمہ ہونے جا رہا ہے۔ ماضی میں نواز شریف حکومت پر جب بھی مشکل وقت آتا تو انڈیا کی فوجیں سرحدوں جارحیت پر اتر آتی اور عمران خان کے 3سالہ دور حکومت میں سرحدوں پر امن ہے۔ 14 اگست کا دن ہندوستان سے آزادی کا دن جوش و خروش سے منائیں گے۔ سندھ میں بھی تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے۔