• news

شدت پسندی مسترد، تمام مسالک کے علماء کا محرم کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں، علماء و مشائخ نے محرم الحرام میں ا من وا مان کے قیام کیلئے پاکستان علماء کونسل، متحدہ علماء بورڈ کے تعاون سے ملک بھر میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام میں امن امان کے قیام کیلئے چیئرمین متحدہ علماء بورڈ و نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ کے دفتر کے تحت ملک بھر میں رابطہ کا سسٹم بنایا گیا ہے۔ لاہور، اسلام آباد میں رابطہ آفس قائم کیے گئے ہیں تا کہ کسی بھی قسم کی صورتحال کا فوری تدارک کیا جائے۔ پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق 14 نکات پر مشتمل ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ فرقہ ورانہ منافرت، مسلح فرقہ وارانہ تصادم اور طاقت کے زور پر اپنے نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے کی روش شریعت اسلامیہ کے احکام کے منافی اور فساد فی الارض اور ایک قومی و ملی جرم ہے۔ شریعت اسلامیہ کے مطابق حرام ہے اور ملک بھر کے علماء و مشائخ ایسے عناصر سے برات کا اعلان کرتے ہیں۔ دینی شعائر اور نعروں کو نجی عسکری مقاصد اور مسلح طاقت کے حصول کے لیے استعمال کرنا قرآن وسنت کی رو سے قطعی طور پر درست نہیں۔ علماء و مشائخ اور مفتیان عظام کا فریضہ ہے کہ درست اور غلط نظریات میں امتیاز کرنے کے بارے میں لوگوں کو آگاہی دیں جبکہ کسی کو کافر قرار دینا (تکفیر) ریاست کا دائرہ اختیار ہے جو ریاست شریعت اسلامیہ کی رو سے طے کرے گی۔ خواتین کو وراثت میں حق دینا اور خواتین کی تعلیم کا حکم شریعت اسلامیہ نے دیا ہے۔ سر زمین اسلامی جمہوریہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی مقدس امانت ہے لہٰذا کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے لئے اسکا استعمال جائز نہیں اور ایسے عناصر سے ہم سب اعلان برات کرتے ہیں۔ حکومت یا مسلح افواج و دیگر سکیورٹی اداروں کے خلاف مسلح کارروائیاں بغاوت کے زمر ے میں آتی ہیں جو شرعا حرام ہیں۔ ہم پاکستان کی مسلح افواج اور سلامتی کے اداروں کی ملک و قوم کیلئے قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل، متحدہ علماء بورڈ و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم  برائے مذہبی ہم آہنگی ومشرق وسطی حافظ طاہر محمود اشرفی نے سرگودھا کا دورہ کیا اور سرکٹ ہائوس میں متحدہ علماء بورڈ کے ارکان مفتی عبد الوہاب، مولانا محمد خان لغاری اور حافظ عبدالوحید روپڑی کے ہمراہ ڈویژنل وضلعی امن کمیٹیوں کے ارکان سے محرم الحرام میں امن کے قیام کے حوالے سے اجلاس میں محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے پیغام پاکستان کی روشنی میں 14 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز جوئیہ نے کہا کہ الحمد للہ ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی خوشگوار فضاء قائم ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی مخلصانہ کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ امن کمیٹیز کے ارکان مولانا عبداللہ سعید ہاشمی، عرفان اللہ ثنائی، قاری وقار احمد عثمانی ، قاری احمد علی ندیم، قاضی نگاہ مصطفی چشتی، قاری محمد عقیل الرحمان زبیری، سید مسعود زیدی اور بشیر حسین نے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔

ای پیپر-دی نیشن