• news

جرائم کی دنیا میں لڑکیوں کے گینگ سرگرم ، لوٹ مار ، قتل عام 

لاہور (رپورٹ احسان شوکت سے) جواں سال لڑکیوں کی جانب سے شہریوں کو اپنے جال میں پھنسا کر لوٹنے اور قتل کرنے کی وارداتیں تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہیں۔ نوائے وقت تحقیقات کے مطابق خواتین کی بڑی تعداد نے’’جرائم کی دنیا‘‘ میں قدم رکھنا شروع کر دیا ہے اور صوبہ بھر میں سینکڑوں ایسے گینگز متحرک ہیں جن میں خواتین خصوصاً نوجوان لڑکیاں ڈاکوئوں، چوروں، نوسربازوں اور اغواء کاروں کے گروہ میں شامل ہو کر ان کے شانہ بشانہ وارداتیں کر رہی ہیں۔ وارداتوں میں ملوث خواتین کے لئے لوگوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے موبائل فون اور انٹرنیٹ سب سے مئوثرہتھیار بن چکا ہے۔ گزشتہ چند ماہ میں لڑکیوں کی جانب سے لوگوں کو پھنسا اور مختلف چکر دے کر لوٹنے اور لٹنے والے افراد کی ہلاکتوں کے دل دہلا دینے والے متعدد واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں۔ جبکہ خواتین کی جانب سے منشیات فروشی، چوری اور گھروں میں ملازم بن کر وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ درجنوں ایسے گروہ بھی سرگرم عمل ہیں، جو خوبرو لڑکیوں کا سہارا لے کر ان کی مالدار افراد سے شادی کرا کر ان کا مال ہڑپ کر کے نئے شکار کی تلاش میں نکل پڑتے ہیں۔ ایسے ہوشربا واقعات میں ملتان کے علاقے شجاع آباد موچی پورہ میں دبئی پلٹ مقیم کی شادی پہلی رات 4 مسلح افراد کا اس کے گھر میں داخل ہو کر سب کو تشدد کا نشانہ بنانے اور جوڑا عروسی میں ملبوس دلہن عظمیٰ سے اجتماعی زیادتی کے بعد گھر سے ساڑھے چار لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق محمد لطیف کے گھر دھاوا بولنے والے چاروں ڈاکو نہیں تھے بلکہ اس کی بیوی عظمیٰ کا دوست اور اس کے تین ساتھی تھے۔ گوجرانوالہ میں دو سالہ بچے عبدالہادی کو اس کی ہمسائی رامین نے گلی سے اغواء کے بعد گلہ دبا کر قتل کردیا اور اس کی گھر والوں سے 90لاکھ روپے تاوان بھی مانگا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ رامین نے فیس بک پر گوجرانوالہ کے رہائشی نوجوان اویس سے دوستی کر کے اس سے شادی کے بعد اپنے ہمسائے سرفراز ملک کے ساتھ بھی تعلقات قائم کر لئے تھے۔ رامین نے سرفراز ملک کے ساتھ جھگڑا ہونے پر طیش میں آکر گلی سے اس کے دوسالہ بیٹے عبدالہادی کو اغواء کر کے گلہ دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور بچے کی لاش ایک صندوق میں بند کر چھپا دی تھی۔ جس کے بعد رامین نے کسی اور کے موبائل نمبر سے سرفراز ملک سے بیٹے کی بازیابی کے لئے90 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ شالیمار کے علاقے ملتانی کالونی میں امام مسجد قاری آصف کی نئی نویلی دلہن نادیہ نے اپنے دوست اشرف عثمان کے ساتھ مل کر اپنے خاوند کو چھری سے ذبح کر دیا۔ نادیہ نے اشرف سے شادی کرنے کے لئے شوہر قاری آصف کو بے دردی سے قتل کیا ہے۔ ڈیفنس میں برطانیہ پلٹ لڑکی مائرہ کے قتل کی ہولناک واقعہ میں ملزمان کے ساتھ اس کی سہیلی اقراء بھی شامل تھی۔ مختلف گروہوں میں شامل عورتوں کی جانب سے چند ٹکوں کی خاطر ’’سفاک قاتل‘‘ کا روپ دیکھ کر دل دہل جاتا ہے۔ یہ وہ واقعات ہیں جو کہ منظر عام پر آ گئے۔ زیادہ تر وارداتوں میں ان خواتین کا شکار عزت بچانے کی خاطر چپ سادھ لیتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن